پنجاب میں کھُلے دودھ کی فروخت بند ہونے جا رہی ہے

چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 2022ء تک کھُلے دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی لگ جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 13:32

پنجاب میں کھُلے دودھ کی فروخت بند ہونے جا رہی ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین عمر تنویر بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھُلے دودھ کی فروخت بند ہونے جا رہی ہے۔ 2022ء میں کھُلے دودھ کی فروخت کی قطعاً اجازت نہیں ہو گی۔ عمر تنویر بٹ نے یہ بات ایک دودھ ساز ادارے کے فوڈ پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور ہدایات کے مطابق 2022ء میں کھُلے دودھ کی فروخت بند کر دی جائے گی۔

عمر تنویر بٹ کا کہنا تھا کہ جس طرح پوری دنیا میں فوڈ اور ڈرگ اتھارٹیز ایک ساتھ ہوتی ہیں بالکل اسی طرز پر پنجاب میں عمل درآمد کے لیے بات چیت جاری ہے۔جبکہ پاکپتن میں فوڈ اتھارٹی کے اسٹاف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد دوبارہ کمانڈو سیکورٹی بحال کرنے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک ہزار افراد عنقریب بھرتی کیے جائیں گے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ کبھی ایسی شکایت موصول نہیں ہوئی کہ ہمارے ادارے کے کسی ملازم نے کسی سے بدتمیزی کی ہویا اُس سے پیسے لیے ہوں۔ عمر تنویر بٹ نے واضح کیا کہ کسی شخص کے کاروبار کو نقصان پہنچانا یا اُسے ختم کرنا فوڈ اتھارٹی کا ہرگز مقصد نہیں ہے، تاہم بار بار ایک ہی جُرم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے واضح کیا کہ لاہور میں عوام کو مینڈک کھلائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ یہ محض افواہیں ہیں، جن پر عوام کو کان نہیں دھرنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اپنی شکایات متعلقہ عملے تک پہنچانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کے ٹول فری نمبر 08008059 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں