وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا نوٹس کام کر گیا، اوکاڑہ میں بچوں پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار

اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ کی زیرنگرانی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 14:04

وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا نوٹس کام کر گیا، اوکاڑہ میں بچوں پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : اوکاڑہ میں بچوں کو اُلٹا لٹکا کر انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے نوٹس لیے جانے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی جس کے بعد ملزم کو فوری گرفتارکرلیا گیا ۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ کی زیرنگرانی افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کو متاثرہ بچوں کے گھر والوں سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں کمسن بچوں پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ والدہ سے ملاقات کے لیے کمسن بچوں کو اِن کے چچا نے الٹا لٹکا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

متاثرہ بچوں کی والدہ ناراض ہو کر میکے گئی ہوئی تھی اور بچے اپنی والدہ سے ملنے گئے تھے، سفاک ملزم کے تشدد سے بچے تڑپتے رہے اور زاروقطار روتے رہے لیکن ملزم کو ذرہ بھر بھی ترس نہ آیا۔ ملزم نے ایک بچے کو کپڑے سے باندھ کر لٹکایا اور پھر مارا۔ بچے روتے رہے فریاد کرتے رہے،بچوں نے بار بار معافی بھی مانگی، مگر سفاک شخص ٹس سے مس نہ ہوا۔اور بچوں کی چھوٹی عمروں کا بھی لحاظ نہ کیا۔

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے اور وائرل ہونے کے بعد اوکاڑہ کے ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے نوٹس لیا جس کے بعد مقامی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ جبکہ تشدد کی اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید غم و غصے کا شکار ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ کم سن بچوں پر بہیمانہ تشدد کرنے والے اس درندہ صفت شخص کو کڑی سزا دی جائے۔  

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں