داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جاری ،ملک بھر سے عقیدتمندوں کی حاضری

صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے دوسرے روز دربار سماع ہال میں محافل سماع کی تقریب کا افتتاح کیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:17

داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جاری ،ملک بھر سے عقیدتمندوں کی حاضری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے عرس کے دوسرے روز دربار سماع ہال میں محافل سماع کی تقریب کا افتتاح کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری ،چئیرمین کمیٹی نذیر احمد چوہان کے علا وہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اسلامی تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔

صو فیائے کرام نے روادارانہ فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی،وہ اخوت،بھائی چارے،انسان دوستی،ایثار و محبت جیسے جذبوں سے آراستہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے فکر و عمل کا یہ فیضان پورے خطے کو اسلامی تعلیمات کی روشنی سے منورکر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا کر ان پر عمل پیرا ہوں۔

صوفیائے کرام امن کے علمبر دار اور انسان دوستی کے امین ہیں۔ان بزرگان دین کی در گاہیں آج بھی ظاہری و باطنی علوم کے عظیم مراکز کی حیثیت رکھتے ہیں ۔وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ان بزرگان دین کی تعلیمات کو اپنا کر ہم دوبارہ دنیا بھر میں اسلام کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔ پر امن بقائے باہمی کے قیام اور روادارانہ فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے صوفیائے کرام کی تعلیمات کی ترویج وقت کی اہم ضرورت اور خدمات مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں۔

بعد ازاںصوبائی وزیر اوقاف نے سکیورٹی و دیگر انتظامات کی چیکنگ کی۔ انہوں نے مانیٹرنگ روم کا بھی دورہ کیااور گرد و جوار میں لگے کیمروں کے ذریعے تمام انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔لنگر خا نوں اور پکوان گاہوں کی بھی چیکنگ کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کا975 واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کاسلسلہ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے پولیس اہلکاران،قومی رضاکاران اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران فرائض انجام دے رہے ہیں۔سکیورٹی کے لئے قرب و جوارا ور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایاگیا ہے جبکہ اس پورے عمل کی سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی باقاعدگی سے نگرانی عمل میں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے لئے بہتر انتظام عمل میں لایا گیا ہے دودھ کی سبیل کے پوائنٹس پر بھی بڑے نظم و ضبط کے ساتھ زائرین کو لنگر فراہم کیا جا رہا ہے۔

زائرین کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جارہا ہے۔ زائرین کو کسی بھی قسم کی فوری طبی امدار کی فراہمی کے لئے میو ہسپتال، منشی ہسپتال ا ورد اتا دربار ہسپال میں انتظامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرس کے دنوں میں لنگر اور دودھ کے معیار کے سختی سے چیکنگکا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران تمام محکمہ جات اپنے اپنے فرائض احسن طریقہ سے ادا کر رہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں