ایل او سی پر فائرنگ سے مودی کا جنگی جنون عیاں ہوگیا

ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ قابل مذمت ہے، عالمی برادری بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لے، عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 19:07

ایل او سی پر فائرنگ سے مودی کا جنگی جنون عیاں ہوگیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے کہا ہے کہ ایل او سی پر فائرنگ سے مودی کا جنگی جنون عیاں ہوگیا، عالمی برادری بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لے، عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے بھارتی فوج کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لے۔

ایل او سی پر سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزی سے مودی کا جنگی جنون عیاں ہے۔ بلاول بھٹو نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ میں شہید شہریوں اورپاک فوج کے شہید جوان کے درجات کی بلندی کیلئے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ واضح رہے بھارتی افواج نے ایک بار پھر ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا فائرنگ کے تبادلے میں میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور چھ شہری شہید اور پاک فوج کے دو جوان اور چھ شہری زخمی ہوگئے ، پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 9بھارتی فوجی مارے گئے ،کئی زخمی اور دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیہ کو طلب کر کے ایل او سی کی خلاف ورزی اور شہادتوں کے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں،شہادت ہے مطلوب و مقصود ہے مومن ،نہ مال غنیمت نہ کشور کشائی۔

(جاری ہے)

اتوار کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی افواج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوڑا، شاہکوٹ اور نوشیری میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی ، بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی لانس نائیک زاہد اور پانچ شہری شہید ، پاک فوج کے دوجوان اور تین شہری زخمی ہوگئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کے جعلی دعوئوں میں جان ڈالنے کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بلا اشتعال کارروائی کے باعث زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آ کے مطابق اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے اراکین، عالمی و ملکی میڈیا ازاد کشمیر جا کر صورتحال کا جائزہ لے سکتا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اپنے ہلاک اورزخمی فوجیوں کواٹھانے کی کوششیں کرتے ہوئے سفیدجھنڈا لہرا دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں