پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے دوران ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازعہ کھڑا ہوگیا، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے سختی سے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی

اتوار 20 اکتوبر 2019 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے دوران ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازعہ کھڑا ہوگیا، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔

نوجوان عثمان ساندہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی ۔جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے بھی نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیاہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی نے جاں بحق نوجوان کے خاندان سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ادھر گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازعہ بھی کھڑا ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی گردن پر رومال سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈور کہیں اور پھری اور زخمی حالت میں آنے والا موٹر سائیکل سوار ساندہ میں گر کر جاں بحق ہوا۔بعد ازاں دونوں علاقوں کے ایس پیز کے درمیان حدود کے تعین پر جھگڑا ختم ہوا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں