سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ پر 12 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی میں 12 نومبر کو عام تعطیل کے اعلان کے لیے قرارداد جمع کروا دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 اکتوبر 2019 13:14

سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ پر 12 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2019ء) : 12 نومبر کو سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ کے دن پر عام تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں 12 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کے مطالبے کی قرارداد بھی جمع کروا دی گئی ہے۔ یہ قرارداد پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن مومنہ وحید نے ایوان میں جمع کروائی۔

اس قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان 12 نومبر کو گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب بھر میں عام تعطیل کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، تاکہ بابا گرو نانک کی سالگرہ پر ساری دنیا سے آنے والے سکھ یاتری امن، باہمی محبت اور دوستی کا پیغام لے کر جائیں۔ قرار داد میں کہا گیا کہ باباگرونانک نے محبت اور امن کے پرچار میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

لہٰذا ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مومنہ وحید کی جانب سے جمع کروائی جانے والی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ بابا گرو نانک کا جائے پیدائش (جنم استھان) ننکانہ صاحب میں اورجائے وفات (جوتی جوت سمائے )کرتار پور نارووال میں ہے۔ لہٰذا پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر پنجاب میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور اس دن کو سانجھا دیہاڑ قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ ہر سال پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں شرکت کے لیے کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر کے ممالک سے سکھ یاتری پاکستان کا رُخ کرتے ہیں۔ا س موقع پر سکھ یاتریوں کو پاکستان کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کی جاتی ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والے سکھ رہنماؤں کی سکیورٹی کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں