پاکستان، پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ‘ چودھری پرویز الٰہی

خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے‘ سپیکر پنجاب اسمبلی کی پرتگال کے وفد سے گفتگو

پیر 21 اکتوبر 2019 18:02

پاکستان، پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ‘ چودھری پرویز الٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پرتگال کے 5رکنی وفد نے ڈائریکٹر آف پرتگیز مشن کی سربراہی میں اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے مہمانوں کو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہ کیا۔

ملا قات میں دوطرفہ تجا رت کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔دونوں ملکوں کے عوام کے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے خواہش کااظہار کیا کہ ان تعلقات کو پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں ۔چودھری پرویز لٰہی نے کہا کہ پرتگال اور پاکستان کو ایک دوسرے کے جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹرجوس کارلوس کیلازان نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ ملاقات میںملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی، سیکرٹری کوآرڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر ، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سپیشل سیکرٹری عامر حبیب بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں