حکومت نے عوام پر مہنگائی کا پٹرول بم گرانے تیاری شروع کردی

یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے3 روپے تک اضافے کا امکان، پٹرول کی قیمت 2 سے ساڑھے تین روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اکتوبر 2019 19:24

حکومت نے عوام پر مہنگائی کا پٹرول بم گرانے تیاری شروع کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر2019ء) وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا پٹرول بم گرانے تیاری شروع کردی، یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 3 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری تیار کرنا شروع کردی۔ بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں 2 سے ساڑھے تین روپے اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

واضح رہے عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت 58 ڈالر اور کروڈ آئل کی قیمت 52 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ملک میں ڈیزل اور پٹرول کی بڑھتی در آمد کے ساتھ ساتھ کھپت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ماہ ستمبر میں ڈیزل کی کھپت میں32 جبکہ پٹرول کی کھپت میں2فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انڈسٹری ذرائع کے مطابق ستمبر میں ڈیزل کی کھپت 5لاکھ51 ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ اگست میں ڈیزل کی کھپت 4لاکھ 18ہزار ٹن سے زائد کی سطح پر رہی تھی ،پٹرول کی کھپت گزشتہ ماہ 2 فیصد اضافے سے 6لاکھ61 ہزار 628 ٹن کی بلند ترین ماہانہ سطح پر رہی جبکہ اگست میں پٹرول کی کھپت 6لاکھ52 ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی ،بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے تیل(فرنس آئل)کی کھپت ستمبر میں18فیصد اضافے سے 2لاکھ 66 ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ اگست میں فرنس آئل کی کھپت 2لاکھ 25 ہزار ٹن کے قریب رہی تھی ، مٹی کے تیل کی کھپت گزشتہ ماہ 14فیصد اضافے سے 9494 ٹن رہی جبکہ اگست میں مٹی کے تیل کی کھپت 9130 ٹن ریکارڈ کی گئی تھی ،موسم سرما کی آمد اور قدرتی گیس کی قلت کے پیش نظر آئندہ چند ماہ کے دوران شمالی علاقہ جات اور پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تیل کی کھپت میں مزید اضافے کے امکانات ہیں،لائٹ ڈیزل آئل کی کھپت ستمبر میں25 فیصد کمی سے 2010 ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ اگست میں لائٹ ڈیزل آئل کی کھپت2688 ٹن رہی تھی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں