وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ محمود قریشی کی ملاقات، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی مذمت

بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین ،شہید لانس نائیک اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے،عثمان بزدار بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، کشمیری نوجوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی،شاہ محمود قریشی

پیر 21 اکتوبر 2019 23:55

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے شہید لانس نائیک زاہد اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کمربستہ ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور 22 کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام جس جبر و ظلم میں زندگی بسر کر رہے ہیں ، پاکستانی قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں