سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیر علاج ، وی آئی پی کمرہ سب جیل قرار دے دیا گیا

نواز شریف کو گذشتہ رات طبیعت خرابی پر کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 اکتوبر 2019 10:47

سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیر علاج ، وی آئی پی کمرہ سب جیل قرار دے دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جس پر سروسز اسپتال کا وی آئی پی کمرہ نیب کا سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ جبکہ اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اور سابق وزیراعظم کے اسپتال میں داخل رہنے تک نیب اور پولیس اہلکار موجود رہیں گے۔ نواز شریف سے ڈاکٹرز کے سوا کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔

سربراہ میڈیکل بورڈپروفیسرمحمود ایاز اور ٹیم نےنوازشریف کا ابتدائی طبی معائنہ کیا ،پروفیسرمحمود نے کہا نواز شریف کے پلیٹ لیٹ کاؤنٹ نارمل رینج سے کافی کم ہیں، ڈینگی وائرس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی پلیٹ لیٹ کاؤنٹ کم ہونےکی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ چیک اپ کے بعد معدے، گردوں اور دل کے دیگرٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ رات مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی ، جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کم ہونے پر نیب لاہور آفس سے اسپتال پہنچایا گیا۔ سروسزاسپتال میں نوازشریف کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا ، جس کی سربراہی پرنسپل سمز پروفیسرمحمود ایاز کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی طبیعت خرابی پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انہیں ڈینگی کا مرض لاحق ہو گیا ہے لیکن نواز شریف کی رپورٹس آنے کے بعد یہ خطرہ ٹل گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیے گئے ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ جس کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ پلیٹ لیٹس کاؤنٹ ادویات کے استعمال کے باعث کم ہوا۔ دوسری جانب نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر ان کے داماد کیپٹن (ف) صفدر اوران کے صاحبزادے حسین نواز نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کو زہر دیا گیا ہے جس باعث ان کی زندگی اب خطرے سے دوچار ہے۔ تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے اس الزام کی تصدیق نہی کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں