اپوزیشن ا حتساب سے ’’آزادی ‘‘کیلئے احتجاجی مارچ کرنا چاہتی ہے ‘ گورنر پنجاب

شفاف اور بلاتفریق احتساب پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ‘ چوہدری سرور

منگل 22 اکتوبر 2019 18:59

اپوزیشن ا حتساب سے ’’آزادی ‘‘کیلئے احتجاجی مارچ کرنا چاہتی ہے ‘ گورنر پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن ا حتساب سے ’’آزادی ‘‘کیلئے احتجاجی مارچ کرنا چاہتی ہے مگرشفاف اور بلاتفریق احتساب پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ہم ملک کو کر پشن جیسے کینسر سے ہرصورت مکمل نجات دلائیں گے۔ہم پار لیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں اور ملکی وقوم مفادات کا ہرصورت تحفظ کیا جائیگا ۔

ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے اور دو نہیں ایک پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کر یں گے۔ منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیرویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض ،تحر یک انصاف کے ایم این اے ریاض فیتانہ اور میاں حامد معراج سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے پارٹی وفود سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کر پشن اور اپنی ناقص پالیسوں کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا مقر وض کر نے کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل سے بھی دو چار کر دیا لیکن تحر یک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو ایسے تمام مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے اور پاکستان کو معاشی طور پردیوالیہ ہونے سے بچایا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت مختلف پروگرام شروع کرچکی ہے اور انشاء اللہ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت عام انتخابات میں قوم سے جتنے بھی وعدے کیے ہیں انکو ہر صورت پوراکیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کو ملکی ترقی اور عوام کی مضبوطی کیلئے کیے جانیوالے حکومتی اقدامات ہضم نہیں ہو رہے جسکی وجہ سے وہ اپنے احتجاج اور دھر نوں کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کا منصوبہ بنارہی ہیں مگر ہم عوام کیساتھ ملکر اپوزیشن کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے اور کسی کو ملک ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عام انتخابات میں جیسے اپوزیشن جماعتوں کو مستر دکیا ہے اب بھی عوام اپوزیشن کے احتجاجی ایجنڈے کو مستر دکر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں