جڑواں بچوں کی ڈلیوری کرنے والی جڑواں نرسیں سوشل میڈیا پر وائرل

خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کے آپریشن میں نرسز بھی جڑواں بہنیں تھیں

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 23 اکتوبر 2019 07:01

جڑواں بچوں کی ڈلیوری کرنے والی جڑواں نرسیں سوشل میڈیا پر وائرل
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء)   اتفاقات ہیں زمانے میں ایسے کہ یادگار بن جاتے ہیں۔خاتون کے ہاں دوبچوں کی پیدائش ہوئی اورپیدائش کے اس آپریشن میں حصہ لینے والی دو نرسیں بھی جڑواں بہنیں تھیں یوں یہ ایک ایسا یادگار لمحہ بن گیا کہ اس سے قبل ایسا واقعہ شاید سامنے نہیں آیا۔ امریکا میں ایک خاتون کے ہاں دو جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی۔

حیران کن بات یہ نہیں کہ جڑواں بچے پیدا ہوائے بلکہ حیران کن یہ ہے کہ اس آپریشن میں حصہ لینے والی دو نرسیں بھی جڑواں بہنیں تھیں۔ ان بچیوں کی پیدائش امریکی ریاست جارجیا کے پائڈ مائونٹ ایتھنز ریجنل کے میڈیکل سنٹر میں ہوئی ہے۔جڑواں بچیوں کی ولادت پر نہ صرف والدین بے حد خوش ہیں بلکہ جڑواں نرسوں کی موجودگی کے باعث یہ لمحہ یادگار بن گیا ہے۔

(جاری ہے)


بچیوں کے والد برینن ولیم کا کہنا ہے کہ وہ جڑواں بچیوں کی پیدائش سے قبل بیوی کی سرجری کی خبر پر بے حد نروس تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ مشکل مرحلہ ہے لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ سرجیکل ٹیم میں دوایسی نرسیں شامل ہیں جو جڑواں بہنیں بھی ہیں تو یہ سن کر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔جڑواں بچیوں کا نام ایڈیسن اور ایما ولیمز رکھا گیا ہے۔

دونوں بچیوں کی زچگی کے دوران ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں 26سالہ دوجڑواں بہنیں ٹارا ہاورڈ اور ٹوری ڈرنکارڈ نرس کی ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ پیدائش کے فوری بعد نومولود بہنوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔ نرس ہاورڈ کا کہنا تھا کہ جانتی تھی کہ انہیں خاتون کی مدد کس طریقے سے کرنی ہے اور انہوں نے بچیوں کی والدہ ربیکا ولیمز کی حوصلہ افزائی کی لیکن یہ پتہ نہیں تھا کہ اسکی دوسری بہن ٹوری بھی اس مدد میں اس کے ساتھ شامل ہوگی کیونکہ اس وقت اس کی ڈیوٹی ہسپتال میں کہیں اور تھی۔

اس کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں کبھی ایسے خوشگوار اور ہمیشہ یاد رہنے والے تجربے سے گزرنا پڑے گا۔ہاورڈ نے کہا کہ ہسپتال میں ہم دونوں بہنوں نے بہت کم ساتھ ساتھ ایک ہی یونٹ میں کام کیا ہے مگر اس کے لیے آپریشن تھیٹر میں ہمیں اکٹھے کام کرنے کا موقع فراہم کر کے اسے یادگار بنا دیا گیا ہے۔نومولود کے والدین کا کہنا ہے کہ اب ان کا دونوں نرسوں سے بھی ایک رشتہ قائم ہو گیا ہے اور وہ بچیوں کی پرورش کے بارے میں ان سے پوچھتے رہتے ہیں۔ دونوں نرسیں ہماری دوست بن گئی ہیں اور ہماری بیٹیاں بھی بڑی ہو کر اس بار ے میں جان کر خوش ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں