بجلی،گیس و دیگر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد آبادکاری یقینی بنائیں گے،میاں اسلم اقبال

معاشی وکاروباری مواقع بڑھا کر ملک کو غربت و بے روزگاری کے اندھیروں سے نکالیں گے،صوبائی وزیر صنعت وتجارت

بدھ 23 اکتوبر 2019 17:43

بجلی،گیس و دیگر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد آبادکاری یقینی بنائیں گے،میاں اسلم اقبال
لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیراطلاعات ، صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بجلی،گیس اور دیگر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد آبادکاری یقینی بنائیں گے اورمعاشی وکاروباری مواقع بڑھا کر ملک کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں سے نکالیں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے اپنی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔

جس میں انڈسٹریل اسٹیٹس بالخصوص ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ ،فیصل آباد انڈسٹریل سٹی کی آباد کاری اور ترقیاتی امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ایڈیشنل سیکرٹریز صنعت اور فیڈمک کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق ادوار کی ناقص اور ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث ملک کو ان گنت چیلنجز کا سامنا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی شب وروز کی کاوشوں اور ٹھوس معاشی اقدامات کے باعث معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں4315ایکڑ رقبے پر ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی 11سال گزرنے کے بعد بھی مکمل آباد کاری نہ ہونا قابل افسوس ہے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کیلئے زمین حاصل کر لی گئی ہے۔منصوبے کا سنگ بنیاد دسمبر میں رکھا جائیگا۔

فیصل آباد انڈسٹریل سٹی میں 5چینی کمپنیوں سمیت ملکی صنعت کاروں کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادمیںتمام ضروری انفراسٹرکچر ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ نئی صنعتیں لگیں گی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے صوبے بھر میں ہزاروں ایکڑ رقبے پر نئی صنعتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں