حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیاہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی‘سراج الحق

حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، حکومت اپنی ادائوں پر غور کرے ‘امیر جماعت اسلامی

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:20

حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیاہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی‘سراج الحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیاہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی ۔ حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ حکومت اپنی ادائوں پر غور کرے ۔ پی ٹی آئی نے 126 دن دھرنا دے کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا ۔

آپ کے خلاف تو لوگوں نے ابھی سہ روزہ بھی نہیں لگایا، آپ ابھی سے گھبرا گئے ہیں ۔اسلام آباد میں ایک خوف کا عالم ہے ۔ حکومت قلعہ بند ہو کر خندقیں کھودنے میں مصروف ہے ۔ حکومت آئین و قانون پر عملدرآمد کی بجائے خود لاقانونیت پر اتر آئی ہے ۔ پوری سوسائٹی یرغمال ہے ۔ سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

عوام کا پیسہ عوا م پر خرچ کرنے کی بجائے لوگوں کے راستے بند کرنے پر خرچ ہورہاہے ۔

اسلام اقلیتوں کے تحفظ کا سب سے بڑ ا علمبردار اور اسلامی نظام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ۔ بھارت میں برہمن راج اقلیتوں کا قاتل ہے ۔ ہندوستان میں مساجد ، گوردواروں اور چرچز کو شدید خطرہ ہے ۔ مودی مسلمانوں ، سکھوں اور عیسائیوںکا مشترکہ دشمن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں’’ پاکستان اقلیتی کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کنونشن میں مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر جماعت اسلامی و نگران اقلیتی امور اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مسیحی رہنمائوں ایلڈر دلبر جانی ، بشپ سنیل پطرس ، بشپ ابراہام ڈینئل ، سابق رکن قومی اسمبلی پرویز مسیح، جاوید گل ، انوسینٹ پال ، جسٹن رفیق عالم ، ڈاکٹر مجید ایبل ، ڈاکٹر کنول فردوس ، یونس سوہن ایڈووکیٹ ، سکھ رہنمائوں سردار گوپال سنگھ چاولہ ،رمیش سنگھ، ساجدبھاٹیہ،مہنت پنڈت لال، رتن لال آریہ و دیگر نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر ،ضیاء االدین انصاری ایڈووکیٹ اورسیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجو د تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے پر تلا ہواہے ۔ پاکستان ہمارا گھر ہے اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کو دشمن کے پنجہٴ استبداد سے چھڑانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتاہے ۔ پاکستان کے آئین پر عملدرآمد ہو جائے تو آپ کا تحفظ اسی طرح ہوگا جس طرح صدر مملکت اور وزیراعظم کا ہوتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کی سب سے بڑی ضامن جماعت اسلامی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں