ہائوسنگ سیکٹر کی ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے‘محمودالرشید

متعلقہ قواعد و ضوابط اور این او سی کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لئے حتمی سفارشات تیار کی جا رہی ہیں‘صوبائی وزیر

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) ہائوسنگ سیکٹر کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کمیٹی کا اجلاس وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید کی صدارت میں ہوا۔ بورڈ آف ریونیو، محکمہ قانون، خزانہ، پنجاب ریونیو اتھارٹی، ایل ڈی اے، لوکل گورنمنٹ، ہائوسنگ ٹاسک فورس کے حکام اور بلڈرز وڈویلپرز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ہائوسنگ سیکٹر سے متعلقہ قواعد و ضوابط اور این او سی کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائوسنگ سیکٹر کی ترقی و بحالی کے لئے متعلقہ قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کے لئے جامع پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہائوسنگ سیکٹر کی ترقی اورپیچیدہ قواعد و ضوابط کو آسان بنا کر نجی شعبے کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہائوسنگ سیکٹر کو ترقی دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور بلڈرزوڈویلپرز کو این او سی کے اجراء کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے باہمی ربط کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ این او سی کے اجراء کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران ٹیکسیشن نظام اور این او سی کے اجراء کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے لئے دو سب کمیٹیاں قائم کی گئیں جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔ مزیدبرآں بلڈرز اور ڈویلپرز کے نمائندوں کی طرف سے متعلقہ قوانین کو آسان بنانے کے حوالے سے دی جانے والی متعدد تجاویز پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں