مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاک بحریہ کے دستے نے فرائض سنبھال لیے

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 9 نومبر 2019 07:47

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء)    مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب اپنے عروج پر ہے جس میں پاک بحریہ کا دستہ فرائض اپنے ذمہ لینے کے لیے پریڈ میں شامل ہے اور تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کموڈور نعمت اللہ خان ہیں۔تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیااور اس کے بعد پریڈ کا آغاز کیا گیا۔بعدازاں اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ خان نے مزار پر پھولوںکی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

ملک بھر میں شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبال کا 142 واں یوم پیدائش نہایت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مصور پاکستان کو پاک بحریہ اور پاک رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

(جاری ہے)

مزار اقبال پر پاک بحریہ کے دستے نے چارج سنبھال لیا،سٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے بطور مہمان خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا۔مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑ ھائی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ جس کے بعد مہمان خصوصی کتاب یادداشت میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کریں گے۔ شاعر ِمشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری ہر عہد کیلئے ہے، دلوں میں ولولہ پیدا کرنے والا کلامِ اقبال انسان کو تخیل کی بلند یوں پر لے جاتا ہے،علامہ اقبال کی ولولہ انگیز شاعری نے دلوں کی دنیا بدلی اور پاکستان کی صورت مسلمانوں کے لیے ایک آزاد خطہ ارضی کو وجود میں لانے کے لیے اس نے بہت اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ علامہ محمد اقبال 9 نومبر کو 1877 ءکو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور آبائی شہر سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور چلے آئے۔شاعر مشرق نے لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی،1930 میں آپ نے الہ آباد کے مقام پر آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے تاریخ خطبہ دیا جس میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کا مطالبہ پیش کیا جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں برآمد ہوا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں