انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

ہفتہ 9 نومبر 2019 15:11

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔دوران سماعت رانا ثنا اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے موقف اپنایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق رانا ثنااللہ کی گاڑی 3:34 منٹ پر لاہور کنال روڑ پر پہنچی اور ان کی گاڑی 15منٹ کے اندر اے این ایف کے آفس پہنچ گئی۔

سیف سٹی اتھارٹی کی فوٹیجز کے بعد رانا ثنااللہ کا موقف درست ثابت ہوا ہے ۔رانا ثنا اللہ قومی اسمبلی کے ممبر ہیں، ہر قسم کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں، اگر عدالت پاسپورٹ رکھنا چاہتی ہے تو اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ایڈوکیٹ فرہاد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا ریمانڈ نہیں مانگا گیا، رانا ثنااللہ کی میڈیکل رپورٹ ساتھ ہیں، وہ دل اور بلڈپریشر کے مریض ہیں لہٰذاان کی ضمانت منظور کی جائے، عدالت جب بھی بلائے گی حاضر ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اے این ایف کے پراسیکیوٹر رانا انعام نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے وکلا ء فوٹیج لیکر آئے اور ضمانت مانگ رہے ہیں، ویڈیو میں ایسی کوئی چیز نہیں جس پر رانا ثنااللہ کے وکلا ء خوشی محسوس کر رہے ہیں،اے این ایف نے رانا ثنااللہ کی مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی ہے ۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے رانا ثنااللہ کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں