وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی

پیر 11 نومبر 2019 22:08

وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی
لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے اور اس ضمن میں تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تھل یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی اور بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد سے جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھل یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کیا جائے۔ تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ہماری حکومت نے تعلیمی بجٹ میںگزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے ایک برس کے دوران صوبے میں 8 یونیورسٹیاں اور 5 انسٹی ٹیوٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تھل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری اسی سلسلے کی کڑی ہے اورہماری حکومت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دے کر انہیں بااختیار بنا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں