ملک میں لبرل ازم کو فروغ دیں گے : چوہدری محمد سرور

پیر 11 نومبر 2019 23:35

ملک میں لبرل ازم کو فروغ دیں گے : چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے اور ملک میں روشن خیالی کو فروغ دیں گے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام الحمرا آرٹ گیلری میں بابا گورونانک کی550 ویں جنم دن کے سلسلے میں منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد، کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ منظور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اطہر علی خان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تصویری نمائش میں سکھ مذہب ، سماج اور ثقافت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے طلباء و طالبات کی35 فن پارے آیزاں کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

تصویری نمائش کے دورے کے دوران گورنر پنجاب نے طلباء طالبات کے فن پاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ طلباء بین الاقوامی سطح پر اپنا نام پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات نے سکھ مذہب سے متعلق مختلف نظریات کی اپنے فن میں بہترین انداز میں عکاسی کی ہے اور خوشی ہے کہ بابا گورونانک کا 550 واں جنم دن بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب پاکستان میں اقلیتوں کو سہولتیں دی جا رہی ہیں اور سکھ برادری کے لئے ویزا فری کرتارپور راہداری کھولی گئی ہے دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نے انتہا پسند ہندووں کے ڈر سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان بھی اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہی ہے جبکہ عیسائیوں کو زبردستی ہندو بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندووں کی انتہا پسندی عروج کو پہنچ چکی ہے جس سے بھارت کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیغمبر حضرت محمد ﷺ نے اقلیتوں کو حقوق دئیے اور قائد اعظم نے بھی یہی کہا کہ پاکستان میں بسنے والے سب پاکستانی ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ امن کے قیام اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں