سیاحوں کی آسانی کے لیے حکومت نے ’ٹوائلٹ ایپ‘ تیار کرلی

ایپ کی مدد سے قریبی ٹوائلٹ کا فاصلہ اور سہولت کا آسانی سے پتا چل سکے گا

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 12 نومبر 2019 06:17

سیاحوں کی آسانی کے لیے حکومت نے ’ٹوائلٹ ایپ‘ تیار کرلی
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2019ء)   ٹوائلٹ نہ ہونا ایسا مسئلہ ہے کہ اس پر ہمارے ہمسایہ ملک نے باقاعدہ فلم بنا دی اور فلم بنا کر بھی کروڑوں روپے کمالیے۔بھارت کا مسئلہ ایسا ہے کہ وہاں ٹوائلٹ ملنا ناگزیر ہے عوام اس حق میں ہیں ہی نہیں کہ ان کے گھر یا پھر آبادی میں ٹوائلٹ تعمیر کیے جائیں۔جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان میں ٹوائلٹ موجود ہیں اور لوگوں میں شعور بھی ہے۔

تاہم دور دراز کے علاقوں اور خاص طور پردیہی علاقوں میں ہمارے ہاں بھی ٹوائلٹ موجود نہیں ہیں جس سلسلے میں آنے والے سیاحوں کو زیادہ مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔اب اس کا حل خیبر پختونخوا حکومت نے تلاش کر لیا ہے۔خیبر پختونخوا حکومت نے پبلک ٹوائلٹ کی تلاش سے متعلق خصوصی ایپ تیار کر لی ہے جو 19 نومبر سے لانچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس ایپلی کیشن کی تیاری کا اعلان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کیا۔

کامران بنگش نے کہا ہے کہ ’پبلک ٹوائلٹ فائنڈر‘ ایپ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی کاوش ہے۔ اس کے ذریعے عوام پبلک ٹوائلٹ کی موجودگی اور اس کے مقام کے بارے میں جان سکیں گے۔کامران بنگش کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی یہ ڈیجیٹل ایپ اب بآسانی دستیاب ہوگی اور اس کا افتتاح 19 نومبر کو کیا جائے گا۔ اس ایپ سے صوبے کے عوام اور خصوصاً سیاحوں کو صحت مندانہ ماحول ملے گا اور عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دیگر صوبے چاہیں تو پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ سے متعلق معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایک ایسی موبائل اپپلی کیشن ہوگی جس میں خیبر پختونخوا کے تمام پبلک ٹوائلٹس کا ڈیٹا موجود ہوگا۔ آپ کسی بھی مقام پر ایپلی کیشن کھولیں تو میپ پر آپ کے اطراف میں دستیاب ٹوائلٹس سامنے آئیں گے۔ ایپلی کیشن آپ کو یہ بھی بتاسکتی ہے کہ ان ٹوائلٹس کا فاصلہ کتنا ہے۔

علاوہ ازیں تمام ٹوائلٹس کے بارے میں معلومات بھی ایپ میں شامل کی گئی ہیں، جیسے کہ کون سا ٹوائلٹ خواتین اور کون سا مردوں کیلئے مختص ہے۔ کیا ان ٹوائلٹس میں معذور افراد کیلئے سہولت دستیاب ہے یا نہیں۔اس ایپ سے یہ فائدہ ہوگا کہ کسی بھی نئے علاقے میں سڑک پر چلتے چلتے آپ کو ٹوائلٹ کی ضرورت محسوس ہوگی تو لوگوں سے نہیں پوچھنا پڑے گا بلکہ خود ہی معلوم کرسکیں گے۔یوں بیرون ممالک سے آئے سیاحوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر علاقوں سے خیبرپختونخوا میں آنے والے لوگوں کے لیے بھی آسانی پیدا ہو جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں