مسلم لیگ ن کا ذیلی کمیٹی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

عدالت نوازشریف کو پہلے ہی ضمانت دے چکی ہے، عدالت کے پاس ضمانتی مچلکے جمع ہیں، نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے اب کسی نئی گارنٹی یا ضمانت کی کوئی ضرورت نہیں۔ذرائع ن لیگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 نومبر 2019 18:30

مسلم لیگ ن کا ذیلی کمیٹی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر2019ء) مسلم لیگ ن نے ذیلی کمیٹی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا، ن لیگ کا کہنا ہے کہ عدالت نوازشریف کو پہلے ہی ضمانت دے چکی ہے،عدالت کے پاس ضمانتی مچلکے جمع ہیں، کسی نئی گارنٹی یا ضمانت کی کوئی ضرورت نہیں۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق ن لیگ کی مرکزی قیادت نے ضمانت یا گارنٹی کی کسی بھی حکومتی شرط کو مسترد کردیا ہے۔

ن لیگ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ن لیگی قیادت کا کہنا ہے کہ عدالت پہلے ہی نوازشریف کو 8 ہفتے کیلئے علاج کروانے کی اجازت دے چکی ہے۔ عدالت کے پاس ضمانتی مچلکے جمع ہیں۔ لہذا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے اب کسی نئی گارنٹی یا ضمانت کی ضرورت نہیں۔ پارٹی مئوقف ذیلی کمیٹی میں ساڑھے 9 بجے پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خرم دستگیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے عدالت پر عدالت قائم کردی۔ ضمانتیں عدالت لیتی ہیں، کابینہ نے کبھی ضمانت نہیں لی۔ دوعدالتیں ضمانت لے چکی ہیں، کابینہ تیسری عدالت کیوں بن گئی ہے؟ کابینہ عدالت نہیں ہے ، کابینہ کا یہ اقدام شرمناک ہے اور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت کو نوازشریف کی صحت پر شک ہے تو کھل کربات کرے۔

واضح رہے وفاقی کابینہ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے منظوری دیتے ہوئے گارنٹی دینے کی شرط بھی رکھ دی ہے۔ حکومت نوازشریف کی روانگی پر بطورگارنٹی پراپرٹی یا رقم رکھوانا چاہتی ہے، کسی کا نام ای سی ایل سے نکال دیں تو وہ ہمارے دائرہ کارسے نکل جاتا ہے، سکیورٹی کیلئے جائیداد یا بانڈز کی مالیت کا حتمی فیصلہ ذیلی کمیٹی کرے گی۔ دوسری جانب سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا کہ حکومت نے سیاسی بیانیے کی خاطرگارنٹی کی شرط رکھی،حکومت کایہ سیاسی اقدام ہے کہ ہمارا ایک بیانیہ ہے، کرپشن کیخلاف ہم بڑے سخت ہیں اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے، اب دنیا کو باور کروانے کی کوشش کی ہے ہم نے بغیر سکیورٹی نہیں جانے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں