70 لاکھ روپے کا ایک کیکڑا فروخت

دنیا کی مہنگی ترین ڈش جس کا کھانا چند امیر ترین لوگ کھا سکیں گے

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 13 نومبر 2019 07:05

70 لاکھ روپے کا ایک کیکڑا فروخت
ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2019ء)   کیکڑا کھانے کے لیے لوگ دور دراز کا سفر کرتے ہیں اور اس کا گوشت بھی خاصا مہنگا ہوتا ہے۔پوری دنیا میں کیکڑوں کی ڈشز خصوصی طور پر تیار ہوتی اور مہنگے داموں بیچی جاتی ہیں۔ جاپان اور چین میں کیکڑوں کی ریکارڈ مہنگی ڈشز بیچی جاتی رہی ہیں۔حال ہی میں خبر آئی ہے کہ جاپان میں ایک کیکڑا اتنا مہنگا بکا ہے کہ اس سے قبل اتنا مہنگا کیکڑا کبھی نہیں بکا۔

جاپان کے شہر ٹوٹوری میں ایک برفانی کیکڑا (سنو کریب) 50 لاکھ ین یعنی 46 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔ جس کی قیمت پاکستانی روپے میں 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔اسے پانچ روشن ستاروں والا درجہ دیا گیا ہے کیونکہ نر کیکڑے کا وزن سوا کلوگرام ہے اور اس میں گوشت کی وافر مقدار موجود ہوگی۔

(جاری ہے)

ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے والے اس کیکڑے کو ملک کے انتہائی مہنگے ریستوران میں پکا کر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس کیکڑے کی لمبائی 14.6 سینٹی میٹر ہے جس نے اسی علاقے سے ملنے والے ایک اور برفانی کیکڑے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو گزشتہ برس 18 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا تھا لیکن اس نئے کیکڑے کی آخری بولی ٹیٹسوجی ہاماشیٹا نے لگائی ہے۔ لاکھوں روپے کا یہ کیکڑا چند متمول افراد کی پلیٹوں میں پہنچے گا۔ٹیٹسوجی نے کہا کہ ’ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک انتہائی فیصلہ ہے لیکن یہ ایک طرح کی جاپانی روایت بھی ہے، مجھے یقین ہے کہ کیکڑے کا ذائقہ اس کی قیمت کا نعم البدل ثابت ہوگا‘۔

ہرسال کی طرح جاپان میں اس سال برفانی کیکڑوں کی تلاش کا موسم اس ہفتے شروع ہوا اور بدھ کو اس سلسلے میں پہلی نیلامی ہوئی۔جاپان میں برفانی کیکڑے مہنگے اور مرغوب غذا کا درجہ رکھتے ہیں۔ یہ ٹوٹوری پرفیکچر میں پائے جائے ہیں جو اوساکا اور ہیروشیما کے درمیان موجود ہونشو کے علاقےکے قریب واقع ہے۔اس مہنگے ترین کیکڑے کو پانچ روشن ستارے کا اعزاز اس کی خاص شکل، بلند معیار، لمبے پاو¿ں اور گوشت کی وجہ سے دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں