کیا میڈیکل بورڈ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ نواز شریف کی بیماری کی وجوہات میں سے پوائزننگ کو خارج از امکان قرار دے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے ٹویٹر پیغام میں سوال اُٹھا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 نومبر 2019 15:55

کیا میڈیکل بورڈ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ نواز شریف کی بیماری کی وجوہات میں سے پوائزننگ کو خارج از امکان قرار دے؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ معمہ بن کر رہ گیا ہے جس میں شورٹی بانڈ جمع کروانے کے معاملے پر حکومت اور شریف خاندان میں ٹھن گئی ہے۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ان کے صاحبزادے حسین نواز نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ شرائط و قواعد تو صرف ایک بہانہ ہے۔

حکومت میاں صاحب کے علاج پر رضامند ہی نہیں۔ حسین نواز نے کہا کہ آج تک میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس مسلسل کرنےکی وجہ کا تعین کیوں نہیں ہوسکا؟ کیا حکومت نے میڈیکل بورڈ سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ میاں صاحب کی بیماری کی وجوہات میں سے پوائزننگ یعنی زہر خورانی کو خارج از امکان قرار دے؟
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک جا کر واپس نہ آنے کا خدشہ حکومت کو ستانے لگا ۔

(جاری ہے)

کابینہ اراکین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک جا کر واپس نہ آئے تو سب کو ڈیل کا تاثرملے گا جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی اجلاس میں بار ہا نواز شریف کی واپسی کا تذکرہ کرتے رہے۔ متعدد رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج سنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم چار بجے ایک پریس کانفرنس کریں گے جس میں نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ذیلی کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں