حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سر مایہ کاروں کا پاکستان پر دن بدن اعتماد بڑھ رہا ہے ‘چوہدری محمدسرور

پاکستان میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے انشااللہ ہم صرف پنجاب میں سیاحت کے فروغ سے سالانہ 4/5ارب ڈالرز حاصل کرسکتے ہیں پاکستان تیزی کیساتھ آگے بڑھے گا اور ہم ملک و قوم کو مضبوط کر یں گے اور ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا جائیگا‘گورنر پنجاب

بدھ 13 نومبر 2019 18:00

حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سر مایہ کاروں کا پاکستان پر دن بدن اعتماد بڑھ رہا ہے ‘چوہدری محمدسرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے فرانس کے سفیر مارک باریٹی اور جر من سفیربر نارڈ شلک کی مشتر کہ ملاقات میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کیلئے پاکستان کی بھر پور حمایت کااعلان کر دیا ہے جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جر من اور فرانس کے سفیر سے ملاقات انتہائی کامیابی ہوئی ہے اور اب تک جی ایس پی پلس کی وجہ سے پاکستان کو15ارب ڈالرز کا فائدہو چکا ہے انشاء اللہ پاکستان میں غیر ملکی سر مایہ کاری میں تیزی کیساتھ اضاہ ہورہا ہے اور دنیا سمجھ رہی ہے کہ پاکستان میں مکمل سیکورٹی اور امن موجود ہے اور سر مایہ کاروں کو بھی تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پہلی بار جر من اور فر انس کے سفیروں نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے مشتر کہ ملاقات کی ہے ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس سٹیٹس کی آئندہ سال تجدیدپاکستان میں سر مایہ کاری سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی اور چوہدری محمدسرور نے جر من چانسلر کی جانب سے دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر اجاگر کر نے پر جر من سفیر کا شکر یہ بھی اداکیا ہے جبکہ بعدازں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور مقامی ہوٹل میں ڈیموکریسی انٹر نیشنل رپورٹنگ اور پنجاب اسمبلی کے زیر اہتمام '' پاکستان تر جیحات برائے انسانی حقوق''کے موضوع پر سیمینار میں شر یک ہوئے اس موقعہ پر ڈ پٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری، ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی محمود جان ،ڈیموکر یسی رپورٹنگ انٹر نیشنل کے کنٹری ہیڈ جاویداحمد ملک اور صوبائی ہیڈ سمعیہ یوسف ،اراکین پنجاب اسمبلی عائشہ چوہدری، سعدیہ سہیل اور خدیجہ عمر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سر مایہ کاروں کا پاکستان پر دن بدن اعتماد بڑھ رہا ہے اور آج جر من اور فرانس کے سفیروں نے بھی حکومت کی پالیسیوں کو سر اہا ہے اور مجھے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ سال جب جی ایس پی پلس کے سٹیٹس کی تجدید ہوگی تو وہ پاکستان کا بھر پور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں بھی جتنی تیزی کیساتھ غیر ملکی سر مایہ کار کام کر رہے ہیں ماضی میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی اور مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے اور انشااللہ ہم صرف پنجاب میں سیاحت کے فروغ سے سالانہ 4/5ارب ڈالرز حاصل کرسکتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ کر تار پور کے بعداب ہم بدھ مت ،مسیحوں اور ہندوں کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش پر کام کا آغاز کر نے جا رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان تیزی کیساتھ آگے بڑھے گا اور ہم ملک و قوم کو مضبوط کر یں گے اور ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں