بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگیں صورت حال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، سینیٹر سراج الحق

بدھ 13 نومبر 2019 19:36

بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگیں صورت حال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، سینیٹر سراج الحق
لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگیں صورت حال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لاک ڈاون اور پابندیوں کے 100 دن پورے ہو گئے ہیں ۔ عالمی برادری کو آگے بڑھ کر نہتے کشمیریوں پر پابندیوں کو ختم کرانا چاہیے اور کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلانا چاہیے ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادی کو مسئلہ کشمیر کی حساس صورت حال سے آ گاہ کیا جائے ۔اس سلسلے میں مغربی ممالک میں کشمیری تاکین وطن کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں ۔ انہیں کشمیر کی حقیقی تصویر سے دنیا کا اآگاہ کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری تارکین وطن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لندن میں مقیم ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر مزمل ایوب ٹھاکر اور کشمیری خاتون رہنما شائستہ صفی نے اسلام آباد میں سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں کشمیر کی تازہ ترین صورت حال زیر بحث آئی ۔ اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی، پاکستانی قوم اور مسلم امہ کو کشمیر کے مسئلے پر متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے خبر دار کیا کہ بھارتی حکومت کا متنازع علاقے پر جبری قبضہ ایک غیر قانونی اقدام ہے جو بری طرح ناکام ہوگا، پاکستانی اور کشمیری عوام اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔

بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے کو ایک جیل بنادیا ہے اور وہاں پر نہتے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ہزاروں تازہ فوجی دستے بھی تعینات کردیے۔سراج الحق نے کہا کہ بھارت کی یہ بے رحمی اور جارحیت کبھی کامیاب نہیں ہوگی، دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی کے فیصلے کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے مظاہرے دیکھے ہیں۔انہوں نے بھارتی فوج کے آگے ڈٹ جانے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام بھارت سے آزادی حاصل کرنے کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ مودی نے گجرات میں 2 ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا، 370 اور 35 اے کا خاتمہ اچانک نہیں ہوا، بھارت کی انتہا پسند جماعت بی جے پی کئی دہائیوں سے اس کا منصوبہ بنائے ہوئے تھی ۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے، اسے مسلمانوں کے ساتھ رویہ بہتر کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کو ویٹو پاور اور سلامتی کونسل کی نمائندگی دی جائے۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت میں اقلیت سکھ اور ہندو دلت برادری بھی خطرہ میں ہے، برہمن ٹولے نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت پر قبضہ جما کر اقلیتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے ۔ گزشتہ 100 دنوں کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبری پابندیاں عائد ہیں ۔ کشمیر کی اس صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے کشمیری تارکین وطن اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری تنظیموں نے برطانیہ اور دوسرے یورپی ممالک نے بھرپور احتجاج کیا ہے ۔ اس احتجاج کے نتیجے میں یورپی کمیونٹی کشمیر کی طرف متوجہ ہوئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں