آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آر پی اوز کانفرنس کا انعقاد

پولیس فورس قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی جا ن و مال اور املاک کے تحفظ کے لیے ہائی الرٹ ہوکر فرائض سر انجام دے تمام فیلڈ فارمیشنز آپس میں کلوزکوارڈی نیشن رکھیں اور نقص امن کی کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے‘ آئی جی پنجاب کا آرپی او کانفرنس سے خطاب

بدھ 13 نومبر 2019 20:20

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آر پی اوز کانفرنس کا انعقاد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے چنانچہ پولیس فورس شہریوں کی املاک کے تحفظ اور ٹریفک کے ہموار بہائو کو یقینی بنانے کیلئے ہائی الرٹ ہوکر اپنے فرائض سر انجام دے اور احتجاج یا دھرنے کے نام معاشرے میں نقص امن کی کسی کوشش کو ہرگزکامیاب نہ ہونے دیاجائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شاہرات پر احتجاج یا دھرنے کی صورت میں سینئر افسران حساس مقامات پر خود فیلڈ میں ڈیوٹی پر موجود رہیں اوربالخصوص ایسے اہلکاروں کو سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے جو مشکل حالات میں بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوںجبکہ انہیں ڈیوٹی کی حساسیت اور پولیس فورس کی ذمہ داریوں کے متعلق موثر طور پر بریف بھی کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس، ٹریفک پولیس، اینٹی رائٹ سمیت دیگر فیلڈ فورسز آپس میں کلوز کوارڈی نیشن رکھیں اور بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے ویڈیو لنک آرپی اوز کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام ریجنل پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں ۔کانفرنس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ٹریفک مینجمنٹ پلان سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل روٹ پلان بھی تیار رکھا جائے تاکہ شہریوں کے معمولات زندگی کو کم سے کم متاثر ہوں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ احتجاج کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کو بہتر سے بہتر بنایا جائے جبکہ تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور شہریوں کی چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ سیکیورٹی انتظامات کے دوران اگر وسائل کے حوالے سے کوئی بھی ضرورت درپیش ہے تو فوری سنٹرل پولیس آفس سے رابطہ کیا جائے ، مطلوبہ وسائل کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔کانفرنس میں ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) عطاء محمد، اے آئی جی آپریشنز عمران کشور اور اے آئی جی لاجسٹکس،اطہر اسماعیل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں