آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کاعمل آسان بنانے کیلئے اہم اقدام

شہری کسی بھی ضلع سے جاری شدہ لرننگ لائسنس کو اپنے قومی شناختی کارڈ پر درج پتے والے ضلع سے بھی تجدید کروا سکیں گے، آئی جی پولیس

بدھ 13 نومبر 2019 21:50

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کاعمل آسان بنانے کیلئے اہم اقدام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے ویژن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک محمدفاروق مظہرنے جدت کی طرف ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے عوام الناس کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جو شہری اپنے آبائی ضلع سے نوکری یا کاروبارکی غرض سے دیگر اضلاع میںجاتے ہیں ان کے لئے اب ڈرائیونگ لائسنس کا حصول مزید آسان کردیا گیا ہے جس کے تحت اب شہری کسی بھی ضلع سے جاری شدہ لرننگ ڈرائیونگ لائسنس کو کینسل کروانے کے بجائے اپنے اسی لرنر ڈرائیونگ لائسنس کو قومی شناختی کارڈ پر درج عارضی یا مستقل پتے والے ضلع سے نہ صرف تجدید کر وا سکیں گے بلکہ نیا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے اہل بھی ہونگے جبکہ قبل ازیں متعلقہ ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے پہلے دوسرے ضلع سے جاری شدہ لرننگ لائسنس کو تحریری درخواست دے کر کینسل کرواناپڑتا تھاجس سے لوگوں کے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہو تا تھا ۔

(جاری ہے)

یہ سہولت افواج پاکستان کے ممبرز کو بھی حاصل ہو گی ۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے عوام الناس کو مزید جدید سہولتیں فراہم کرکے پنجاب کے ڈرائیونگ لائسنس کو انٹرنیشنل لائسنس کی طرز پر استوار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں