سابق وزیر اعظم نواز شریف کو برین ہیمرج اور فالج کا بھی خدشہ ہے: ڈاکٹرز

میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کے دماغ کو خون کی سپلائی دینے والی شریانوں میں 85فیصد تنگی کا انکشاف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 13 نومبر 2019 19:34

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو برین ہیمرج اور فالج کا بھی خدشہ ہے: ڈاکٹرز
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2019ء) : ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو برین ہیمرج اور فالج ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو سابق وزیراعظم کی جو میڈیکل رپورٹ دی گئی ہے اس میں نواز شریف کے دماغ کو خون کی سپلائی دینے والی شریانوں میں 85فیصد تنگی کا انکشاف ہوا۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو فالج ہو سکتا ہے جبکہ انکے دماغ کی شریانوں کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چار ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔ آج وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو چار ہفتے کے لیے ون ٹائم بیرون ملک جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ نواز شریف شورٹی بانڈز دے کر بیرون ملک جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سات ارب روپے کے لگ بھگ رقم دینا ہو گی۔

نواز شریف اور شہباز شریف سات ارب روپے کے شورٹی بانڈ جمع کروائیں۔ فیصلہ نواز شریف کی تشویشناک صحت کے پیش نظر کیا گیا۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے شہباز شریف نے درخواست دی تھی۔ درخواست کے ساتھ نواز شریف کی شریف میڈیکل سٹی کی میڈیکل رپورٹس بھی ملی ہیں۔ کل میرے پاس وزارت داخلہ کو بھیجی جانے والی درخواست بھی بھجوائی گئی۔

نواز شریف کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ہم نے سفارشات بنا کر کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ کو بھی بتایا کہ نواز شریف کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار ہفتے کے بعد نواز شریف کی میڈیکل صورتحال دیکھیں گے۔ فروغ نسیم نے کہا کہ شورٹی بانڈ دینا پڑے گا یہ کابینہ کا فیصلہ تھا۔ پہلے بھی کئی ملزمان کو ایک وقت کی اجازت مل چکی ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر آج پھر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور مختلف تجاویز کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کی زیرصدارت طلب کیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں