احتساب عدالت کے جج اور حمزہ شہباز کے درمیان تلخ کلامی

آپ کیا کررہے ہیں یہ پریس کانفرنس نہیں: جج احتساب عدالت۔ آپ مجھ سے کس طرح بات کررہے، میں نے ہمیشہ عدالت کا احترام کیا ہے، آپ اپنا رویہ ٹھیک کریں: حمزہ شہباز

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 13 نومبر 2019 19:49

احتساب عدالت کے جج اور حمزہ شہباز کے درمیان تلخ کلامی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 نومبر2019ء) احتساب عدالت کے جج اور حمزہ شہباز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی تو ملزم حمزہ شہباز کو پیش کیا گیا جبکہ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔نیب وکیل نے بتایا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔

عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ آپ ملزم کو کٹہرے میں لیکر آئیں، جب حمزہ عدالت میں آئیں تو فوری کٹہرے میں آئیں تاکہ عدالت کا تقدس خراب نہ ہو۔ جج نے حمزہ شہباز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیا کررہے ہیں یہ پریس کانفرنس نہیں۔ حمزہ شہباز نے بھی جج کو جواب دیا کہ آپ مجھ سے کس طرح بات کررہے، میں نے ہمیشہ عدالت کا احترام کیا ہے، آپ اپنا رویہ ٹھیک کریں، اگر مجھے کسی نے سلام کیا تو اس کا جواب دینا اسلام میں فرض ہے، میں ان سے بات کرنا چاہتا تھا، آپ کے بات کرنے کا طریقہ مجھے مناسب نہیں لگا۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی ،وکلاء اور پولیس اہلکاروں میں جھگڑا ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی احتساب عدالت سے واپسی پر لیگی وکلا ء اور کارکنوں کی شدید دھکم پیل کیوجہ سے بد نظمی پیدا ہو گئی اور ایک موقع پر وکلا اور پولیس اہلکاروں میں جھگڑا بھی ہو گیا اورایک دوسرے پر تھپڑ برسا دئیے گئے ۔

جبکہ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو 28 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی ۔ بدھ کے روز عدالتی سماعت کے موقع پر حمزہ شہباز کو سخت سیکورٹی حصار میں عدالت کے رو برو پیش کیا گیا،حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عدالت پیش ہوئے، جج امیر محمد خان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے،ملزمان سے تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔

عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں