بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوئوں کے دبائو میں آکر بابری مسجد کی جگہ مندر کی اجازت دے کر اقلیتوں کے حقوق کی توہین کی ہے‘محمد سرور

ملک میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے شہروں کی رونقیں پلٹ آئی ہیں ،بیرون ممالک سے لوگ ہمارے شہروں کا رخ کر رہے ہیں یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ سولر انرجی کا استعمال بڑھائیں ، طلبہ اور استاتذہ کو صاف پانی مہیا کریں اور پانی کا ایک ایک قطرہ محفوظ بنائیں‘ گورنرپنجاب

جمعرات 14 نومبر 2019 17:55

بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوئوں کے دبائو میں آکر بابری مسجد کی جگہ مندر کی اجازت دے کر اقلیتوں کے حقوق کی توہین کی ہے‘محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جو قومیں انتہا پسندی کی طرف جاتی ہیں ان کا زوال شروع ہو جاتا ہے اور بھارتی سپریم کورٹ نے جنونی ہندوئوں کے دبائو میں آکر بابری مسجد کی جگہ مندر کی اجازت دے کر اقلیتوں کے حقوق کی توہین کی ہے اور وہ دن بھی دور نہیں کہ جب مظلو م کشمیری عوام اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنے حالیہ اقدامات سے دنیا بھر کو باور کرا دیا ہے کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ دیتے ہیں جو کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم کا بھی پیغام ہے اور پاکستان کے عوام بھی باحوصلہ اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے والے لوگ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف واہ کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمٰن شاد ، اساتذہ اور فارغ التحصیل ہونے والے طلبا اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں اندرونی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے شہروں کی رونقیں پلٹ آئی ہیں اور بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ہمارے شہروں کا رخ کر رہے ہیں اور اس وقت لاہور میں تمام ہوٹلوں میں کوئی کمرہ خالی نہیں ہے اور یہ تمام رونقیں اس لئے ہیں کہ ملک میں حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیل کی رونقیں بھی پلٹ رہی ہیں اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کی خواتین کی کرکٹ ٹیم اوعمان کی ہاکی ٹیموں نے پاکستان کی سرزمین پر مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور اسی طرح ملک میں عالمی معیار کے فیشن شو بھی منعقد ہوئے ہیں جو کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور ایسے اقدمات سے ملک کے امیج میں عالمی سطح پر بہتری آئی ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ وزیر اعظم عمرا ن خان کی ہدایت پر یونیورسٹیوں میں بزنس سنٹرز بنانے کیلئے صوبہ بھر کی پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے مشاورت شروع کی دی گئی ہیں اور ملک میں ایسے ماحول کے لئے کوشاں ہیں کہ ڈگری لینے کے بعد طلبہ سٹرکوں پر نوکریوں کی تلاش کے لئے خوار نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اور گرین پاکستان کے ویژن کے مطابق تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ سولر انرجی کا استعمال بڑھائیں ، طلبہ اور استاتذہ کو صاف پانی مہیا کریں اور پانی کا ایک ایک قطرہ محفوظ بنائیں۔

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ عزم ، حوصلہ اوراپنے مقصد کی حصول کی لگن سے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے اور انہی اصولوں پر کاربند ہوکر میں انگلستان کا مسلمان رکن پارلیمنٹ بنا حالانکہ یہ اس وقت کے حالات میں ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ اپنی بنیادوں اور مذہب کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت سمجھا ہے اور انگلستان کی پارلیمنٹ کا رکن بننے کے بعد بائبل کی بجائے قرآن مجید پر حلف لیا۔

انہوں نے کہاکہ والدین کی دعائوں کی بدولت اور اپنے مقصد کے حصول کی لگن کی وجہ سے سکاٹ لیڈ کے 50افراد کی ایسی لسٹ جس میں انہوں نے انسانیت کے لئے گرانقدر کارہائے نمایا ں سرانجام افراد شامل کئے گے ہیں میرا شمار 19 ویں نمبر پر کیاجاتا ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمٰن شاد نے کہاکہ 2009میں قیام کے بعد یونیورسٹی نے مختصر مدت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور اس وقت یونیورسٹی میں نو شعبوں میں زیر تعلیم ہیں اور 340قابل اور باصلاحیت اساتذہ یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل 10ہزار طلبہ ملک اور بیرون ملک مختلف محکموں میں ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بعدازاں طلبہ کواسناد دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں