وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے عوام کیلئے بڑا تحفہ، علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گا

منصوبے پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئیگی،گرڈ سٹیشن کیساتھ 132کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائیگی :لوکل ایریاز کی حد بندیوں کا کام مکمل، پہلے مرحلے میں ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز کے الیکشن کرائے جائینگی:عثمان بزدار !دوسرے مرحلے میں لوکل گورنمنٹس کے انتخابات ہونگے، 455 مقامی حکومتیں بنیں گی، الیکشن رولزجلد مکمل کرنے کی ہدایت ×ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے،نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہے ۳وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی ملاقات،اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی حامد جاوید کی والدہ ، فکشن رائٹر و ادیب محمد حامد سراج اور سابق سینیٹر دلاور عباس کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعرات 14 نومبر 2019 22:33

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے عوام کیلئے بڑا تحفہ، علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے عوام کیلئے بڑا تحفہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ذاتی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کیلئے علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گااوراس منصوبے پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔پاورڈویژن نے منصوبے کیلئے پی سی ون تیارکرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بارتھی خاص میں 132کے وی گرڈ سٹیشن بنایا جائے گااورگرڈ سٹیشن کے ساتھ 132کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی۔یہ ٹرانسمیشن لائن 49کلو میٹر طویل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے بارتھی کے عوام کوترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلیںگے۔

(جاری ہے)

گرڈ سٹیشن کے منصوبے کی تکمیل سے قبائلی علاقوں کے عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی اوراپنے عوام کیساتھ کیے گئے وعدے پورے کروںگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں آج اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز اور لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدرآمد کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوکل ایریاز کی حد بندیوں کا کام مکمل کر لیا ہے اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت الیکشن رولز کی تیاری کا کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے الیکشن رولز کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز کے الیکشن کرائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں لوکل گورنمنٹس کے انتخابات ہوں گے اور پنجاب بھر میں 455 مقامی حکومتیں بنیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی کابینہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دے چکی ہے جس کے تحت اقلیتوں کو مخصوص نشستوں کے ساتھ جنرل نشستوں پر بھی ووٹنگ کا حق دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کیساتھ بااختیار بنائیں گے اور نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کوبااختیاربنائے گا۔

عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے نیا بلدیاتی نظام اہم کردارادا کرے گا۔دیہات کی سطح پربھی لوگوں کوبااختیاربنائیںگے اور نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کو مالیاتی طورپر خود مختار بنائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگااور اس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر فلاح عامہ کے کام ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پرعملدرآمد کیلئے امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز اور لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں عمومی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مل کر طے کرنا ہے۔ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں، زندگی کے ہر طبقے نے پاکستان کو آگے لے جانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور ہم اس روشن پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کا خواب قائدؒ نے دیکھا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کے فروغ کیلئے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کرتار پور راہداری منصوبہ بین المذاہب رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعظم عمران خان جو کہتے ہیں، وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ عمران خان نے راہداری کرتارپور بنا کر دنیا کو امن اور برداشت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو جائز قانونی حقوق حاصل ہیں اور حکومت پنجاب اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پراجیکٹس لا رہی ہے۔

پنجاب میں مزارات کی دیکھ بھال کے امور میں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہی اقلیتوں کو بھرپور حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے قائداعظمؒ کے اقلیتوں کو عبادت کی آزادی دینے کے موقف کو عملی شکل دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامد جاوید کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں کے بچھڑنے کا دکھ کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ممتاز فکشن رائٹر اور ادیب محمد حامد سراج کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے محمد حامد سراج کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حامد سراج مرحوم کی ادبی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ادیب کا انتقال کسی بھی معاشرے کے اجتماعی نقصان کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حامد سراج مرحوم کی ادبی خدمات کو فراموش نہیں جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق سینیٹر اور سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین دلاور عباس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے مرحوم دلاور عباس کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل اور ایصال ثواب کی دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم دلاور عباس کی سیاسی و سماجی اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں