مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کو روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی

لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست شہری عرفان علی کی جانب سے دائر کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 نومبر 2019 12:03

مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کو روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2019ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کو روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق درخواست شہری عرفان علی نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے 12 نومبر کو اپنے کارکنوں کو پنجاب سمیت تمام پاکستان کے شہروں کی سڑکیں بند کرنے کی ہدایت کی ۔

ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے پلان بی میں پنجاب سندھ روڈ، رحیم یار خان، انڈس ہائی وے سمیت دیگر سڑکوں کو بند کرنے کی کال دی گئی ، یہ حکم حکم آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ اپنی درخواست میں شہری نے استدعا کی کہ پلان بی کے تحت سڑکیں بند کرنے کا اقدام غیرقانونی اور غیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

یاد رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ کی کال دی جس کے بعد اسلام آباد میں پشاور ہائی وے پر چودہ روز کے لیے دھرنا دیا تاہم دو روز قبل مولانا فضل الرحمان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پلان بی پر عملدرآمد کا اعلان کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری تحریک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، امید ہے ناجائز حکومت اور حکمران قوم کے سر سے اتریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ شاہراہیں بند کرنے سے بھی آگے بڑھیں گے، حکومت کے خاتمے تک نہیں رکیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں