سیکرٹری سپورٹس نے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں سپورٹس منصوبوں کا معائنہ کیا

چیف منسٹر پنجاب کرکٹ اکیڈمی میں 60کھلاڑیوں کو تربیت دی جائیگی ، گریڈ ٹو کے کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دینگے،بریفنگ

جمعہ 15 نومبر 2019 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے ڈیرہ غازی خان میں کرکٹ سٹیڈیم،چیف منسٹر پنجاب کرکٹ اکیڈمی اور ہاکی سٹیڈیم کیلئے مختص اراضی کا معائنہ کیا، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان وقاص رشید،ڈپٹی ڈائریکٹر رآف باجوہ اور ڈویڑنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمان بھی ساتھ تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے تونسہ شریف میں زیرتعمیر شاہ سلمان کرکٹ سٹیڈیم کے ٹھیکیدار کی سرزنش کرتے ہوئے منصوبہ 31دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان میں ڈویڑنل سپورٹس آفیسرعطاء الرحمان نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب کو چیف منسٹر پنجاب کرکٹ اکیڈمی کے بارے میںبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر پنجاب کرکٹ اکیڈمی میں 60کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی، کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لئے گریڈ ٹو کے کوچز کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں ، سیکرٹری سپورٹس نے افسران کو ہدایت کی کہ چیف منسٹر پنجاب کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے کام کی رفتار کو تیز کرکے اسے جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ نوجوان کرکٹ اس سہولت سے استفادہ کرسکیں،سیکرٹری سپورٹس ندیم محبوب سے کرکٹ اکیڈمی کے کوچز اور ٹرینرز نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے تونسہ شریف میں زیر تعمیر شاہ سلمان کرکٹ سٹیڈیم اور تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولتوں کا بغور جائزہ لیا،انہوں نے ٹھیکیدار کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان کرکٹ سٹیڈیم 31دسمبر 2019ء تک مکمل کیا جائے اور افسران کو منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے نگرانی کرنے کی ہدایت کی،ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویڑن کے مطابق پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں بھی سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، تونسہ میں کرکٹ سٹیڈیم سے کھلاڑیوں کو اپنا کھیل بہتر بنانے میں مدد ملے گی، گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی تلاش کرنے کے لئے سہولتوں کا ہونا بہت ضروری ہے اس کے بغیر ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، محکمہ سپورٹس نے جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے سیکڑوں سپورٹس منصوبے شروع کررکھے ہیں جن پر تیزی سے کام ہورہا ہے، نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس میں حصہ لیں اور اپنی شناخت بنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں