نواز شریف کا علاج جاری ،پروفیسر شمسی نے دوسرے روز بھی تفصیلی طبی معائنہ کیا

عدالتی فیصلے کے بعد ڈاکٹروںنے نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنے کیلئے مشاورت اور کوششیں شروع کردیں‘ ذرائع

ہفتہ 16 نومبر 2019 21:44

نواز شریف کا علاج جاری ،پروفیسر شمسی نے دوسرے روز بھی تفصیلی طبی معائنہ کیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا ان کی رہائشگاہ پر قائم انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں علاج جاری ہے ،نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی کے سربراہ پروفیسر طاہر شمسی نے دوسرے روز بھی جاتی امراء جا کر سابق وزیر اعظم کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹوں کا جائزہ لیا،ڈاکٹروںنے نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کے لئے طبی طور پر تیار کرنے کے لئے مشاورت اور کوششیں شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزبھی ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اورشریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریم نوازسے بھی مشاورت جاری رکھی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی کم تعداد اور دیگر پیچیدگیاں بر قرار ہیں ۔

(جاری ہے)

نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی کے سربراہ پروفیسر طاہر شمسی نے گزشتہ رو زبھی جاتی امراء میںسابق وزیر اعظم کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور علاجے معا لجے پر مامور ڈاکٹروں سے مشاورت کی اور انہیں رہنمائی دی ۔

ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد ڈاکٹروں نے نواز شریف کو فضائی سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنے کیلئے بھی مشاورت شروع کر کے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ڈاکٹرز اس امر کو یقینی بنانے کی تگ و دو کرینگے کہ دوران سفر کسی ممکنہ ایسی طبی پیچیدگی سے بچا جاسکے جو نوازشریف کی زندگی کے لئے مہلک ثابت ہوسکتی ہو۔ ڈاکٹرز کی اولین کوشش نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لانا ہے جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں۔عدالتی فیصلے کے بعد شہباز شریف نے بھی اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد دی اور نواز شریف کے بیرون ملک سفر کے حوالے سے حتمی مشاورت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں