لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

اجازت 4ہفتوں کیلئے ہوگی لیکن اس میں توسیع ہو سکتی ہے، ایڈمنی بانڈ کی شرط کو معطل کیا جاتا ہے: فیصلے کا متن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 16 نومبر 2019 22:18

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ فیصلے کے متن کے مطابق نواز شریف کو علاج کیلئے اجازت 4ہفتوں کیلئے بیرونِ ملک رکنے کی اجازت ہوگی لیکن اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین کے سامنے 5نقاط رکھے گئے جس کے بعد اب ایڈمنی بانڈ کی شرط کو معطل کیا جاتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے اور انہیں بغیر کسی شرط کے بیرونِ ملک جانے دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نواز شریف کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا اور درخواست پر سماعت جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب تازہ ترین صورتحال کے مطابق نوازشریف کو انجائنا کی تکلیف شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک بار پھر دل میں تکلیف شروع ہو گئی ہے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کو تکلیف زیادہ ہوئی تو ان کی بیرونِ ملک روانگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی صحت شدید خراب ہے اونکی دل کی شریونیں کمزور ہو چکی ہیں جبکہ دماغ کو بھی خون مکمل طور پر مہیا نہیں ہو رہا اور ان کے کون میں پلیت لیٹس کی تعداد بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ آج عدالت نے انکا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا ہے اور کہا جارہا تھا کہ وہ کل لندن روانہ ہو جائیں گے جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں لیکن اب خبر آئی ہے کہ ان کو انجائنا کی تکلیف شروع ہو گئی ہے۔

شریف خاندان کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا علاج امریکا سے کروایا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کو لاحق پلیٹ لیٹس کی کمی کی بیماری کا علاج لندن سے ممکن نہیں ہے۔ نواز شریف کو لندن لے جا کر وہاں سے ان کا ابتدائی علاج کروایا جائے گا۔ بعد ازاں ان کی صحت تھوڑی بہتر ہونے کے بعد انہیں امریکا لے جایا جائے گا جہاں ان کے پلیٹ لیٹس کی کمی کا علاج کروایا جائے گا۔ نواز شریف کو قطر کی ائیرایمبولینس کے ذریعے برطانیہ لے جایا جائے گا اور پھر بعد ازاں اسی ائیر ایمبولینس کے ذریعے انہیں امریکا بھی لے جایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں