قومی سیاست تلپٹ اور حکومت و اپوزیشن باہم دست و گریبان ہیں‘لیاقت بلوچ

وزراء کارکردگی دکھانے کی بجائے تیور دکھانے ، زبان چلانے اور آستینیں چڑھانے پر تیار رہتے ہیں ‘نائب امیر جماعت اسلامی

اتوار 17 نومبر 2019 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی سیاست تلپٹ اور حکومت و اپوزیشن باہم دست و گریبان ہیں ، وزراء کارکردگی دکھانے کی بجائے تیور دکھانے ، زبان چلانے اور آستینیں چڑھانے پر تیار رہتے ہیں ، وفاق کا پورا نظام تتر بتر ہوچکاہے ،حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی ، ہر شعبہ میں حکومتی کارکردگی زوال پذیر ہے ، پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ، احتساب پر انتقام کا لیبل لگانے اور نیب کو متنازع بنانے کے ذمہ دار حکمران ہیں، قومی ترجیحات کے تعین کے لیے حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ ایک ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا ، حکومت اور ریاست ایک صفحہ پر ہیں تو عوام کو ریلیف کیوں نہیں مل رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات کو پہلے دن ہی تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا تھا ۔ بلاشبہ یہ انتخابات متنازعہ ، دھاندلی زدہ اور انجینئرڈ تھے ۔ پی ٹی آئی حکومت کو صرف اس لیے برداشت کیا گیا کہ 35 سال سے اقتدار پر مسلط کرپٹ اور بد دیانت ٹولے ، جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی صورت میں براجمان مافیاز سے نجات مل جائے گی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے جتنے وعدے کیے تھے ، ان میں سے کسی ایک کو پورا نہیں کر سکی ۔

وزیراعظم اپنے ہر وعدے پر یوٹرن لینا فرض سمجھتے ہیں، ان کے دماغ میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ یوٹرن لیے بغیر کوئی لیڈر نہیں بن سکتا ۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ حکومت نے معیشت کو سدھارنے ، کرپشن ختم کرنے ، مزید قرضے نہ لینے اور بلاامتیاز احتساب کرنے کے جو دعوے کیے تھے ، وہ سب نقش برآب ثابت ہوئے ہیں ۔ حکومت کا فرض تھاکہ خود انحصاری کا راستہ اختیار کرتی ۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے مزید قرضے لینے کی بجائے سابقہ قرضوں کی ادائیگی کا روڈ میپ طے کر کے اس میں ریلیف لیتی اور کرپشن کو جڑوں سے ختم کرنے کے لیے بے رحم اور بے لاگ احتساب کرتی مگر حکومت کے اب تک کے اقدامات اس کے خلاف ہیں ۔ معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ۔ غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوچکاہے ۔ عام آدمی دو وقت کے کھانے کو ترس رہاہے ۔ گوشت اور دالوں کے بعد سبزیاں بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر صورتحال پر جلد قابو نہ پایا گی تو عوام حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور پھر ان بے حس حکمرانوں کو پناہ نہیں ملے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں