نوازشریف کا منگل کو لندن روانہ ہونے کا امکان

سابق وزیراعظم کو اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ جاری ہے. ترجمان نون لیگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 نومبر 2019 11:25

نوازشریف کا منگل کو لندن روانہ ہونے کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 نومبر ۔2019ء) سابق وزیراعظم نوازشریف کا منگل کو لندن روانہ ہونے کا امکان ہے جبکہ قطر کی فضائی کمپنی کی ایئرایمبولینس بھی منگل کو ہی لاہور پہنچے گی. مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف منگل کو قطر کی فضائی کمپنی کی ایئرایمبولینس سے روانہ ہوں گے جو عملے سمیت ہر قسم کی طبی سہولتوں سے لیس ہوگی.

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نواز شریف کو اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے دوران مطلوبہ سطح پر رہے.

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف قوم کی دعاﺅں میں منگل کو علاج کے لئے بیرون ملک روانہ ہوں گے، شہبازشریف اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی نوازشریف کے ہمراہ روانہ ہوں گے.

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے بیرون ملک علاج کے لئے روانگی کے سلسلے میں نواز شریف کی طبی علامات کا جائزہ لیا ہے ، نواز شریف کو اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے دوران مطلوبہ سطح پر رہے، ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس اس محفوظ سطح پر رکھنے کو یقینی بنارہے ہیں تاکہ ہوائی سفر میں کوئی طبی مسئلہ پیدا نہ ہو،ڈاکٹرز ان ممکنہ خطرات کو بھی پیش نظر رکھ کر ادویات دے رہے ہیں جو ہوائی سفر کے دوران ممکنہ طورپر پیش آسکتے ہیں اس کے علاوہ دیگر ادویات بھی ردوبدل کے ساتھ استعمال کی جارہی ہیں.

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف علاج کے لئے پہلے لندن پھر امریکا جائیں گے، نواز شریف کے علاج کے لئے امریکا میں بھی ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دیا جائے گا، امریکا میں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تشخیص کی جائے گی.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں