پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج میں40 لوگ جاں بحق

ایران میں احتجاج کی صورت حال دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 19 نومبر 2019 06:41

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج میں40 لوگ جاں بحق
نیٹ نیوز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء)    پیٹرول کی قیمتیں عالمی سطح پر اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں تاہم جس ملک کی معیشت نیچے جا رہی ہو وہاں دیگر معاملات میں  مہنگائی کے ساتھ سب سے پہلے پیٹرول کی قیمتیں ہی اوپر جاتی ہیں جس وجہ سے مہنگائی عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ایران میں بھی پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں جس وجہ سے عوام سڑکوں پر آ چکے ہیں۔

ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ چند روز کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوچکی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے اورمظاہروں کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے متعدد پیٹرول پمپس ، بینکوں اور دکانوں کو آگ لگادی ، مختلف علاقوں میں ٹریفک کوبلاک کردیا گیا جب کہ کچھ نے ایندھن کے اسٹوریج ہاو¿س پر بھی حملے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں 40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور ملک میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی معطل ہے۔واضح رہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں پیٹرول کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ کردیا گیا تھا جب کہ پیٹرول کی خریداری کے لیے کوٹے کا نفاذ بھی کیا گیا ہے۔

حکام نے پیٹرول کی قیمتوں میں دی جانے والی رعایت کو کم کیا ہے جس کا مقصد امریکا کی طرف سے لگائی گئی اقتصادی اور تجارتی پابندیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔پیٹرول کی قیمت 10 ہزار ریال فی لیٹر سے بڑھا کر اب 15 ہزار ریال فی لیٹرکر دی گئی ہے جب کہ 60 لیٹر سے زائد پیٹرول لینے والے کو 30 ہزار ریال فی لیٹرکی قیمت میں یہ خریدنا پڑے گا۔ایرانی صدر حسن روحانی نے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران جلائو گھیرائو اور تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں مظاہروں کے حوالے سے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کے دشمن ہمیں تباہ کرنا چاہتے ہیں، جو لوگ احتجاج کے دوران ریاست اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں وہ دراصل ایران مخالف دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ 3 روز سے جاری مہنگائی، بے روزگاری اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں