میاں اسلم اقبال کا صوبے میں خواتین سرمایہ کاروں کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنانے کا اعلان

وویمن چیمبر کی مشاورت سے خواتین کے علیحدہ سپیشل اکنامک زون کے قیام کا پلان ایک ماہ میں پیش کیا جائے‘ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، مایوس نہیں کریں گے‘صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کی میڈیا سے گفتگو

منگل 19 نومبر 2019 19:51

میاں اسلم اقبال کا صوبے میں خواتین سرمایہ کاروں کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنانے کا اعلان
لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں خواتین سرمایہ کاروں کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ خواتین کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنانے کے لئے وومن چیمبرز کی مشاورت سے ایک ماہ کے اندر پلان بنا کر پیش کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے اس امر کا اعلان ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام وومن انٹرپرینیورشپ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، چیف ایگزیکٹو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانا، وومن چیمبر کی اراکین اور خواتین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جب تک خواتین عملی میدان میں نہیں آئیں گی ملک کا نظام نہیں چل سکتا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے انقلابی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کا آغاز اسی ہفتے کیا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لئے کاٹیج انڈسٹری کو تین لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے۔ ہنرمند نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے 6ارب روپے کا بڑا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت بزنس پلان دینے والے ہنرمند نوجوانوں کو 30لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام میں خواتین کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔ بزنس پلان کے ساتھ قرض کے لئے اپلائی کرنے والی خاتون کو قرضے کی فراہمی کے لئے 90فیصد سرمایہ حکومت دے گی جبکہ 10فیصد حصہ خاتون ڈالے گی۔

آپریشنل کاسٹ صرف 6فیصد جبکہ گریس پیریڈ 10ماہ ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا وومن چیمبر خواتین کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم اسے مزید متحرک ہونا پڑے گا۔ صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایسا بے باک لیڈر ہے جو نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا اور نہ ہی جھکے گا۔ اسے نہ کوئی خرید سکا اور نہ کوئی کبھی خرید سکے گا۔

ہمارا مقابلہ عام لوگوں سے نہیں بلکہ مافیاز کے ساتھ ہے۔ گزشتہ 40سالوں میں ان مافیاز کی گردنیں موٹی اور ریاست کا پھندا چھوٹا ہے۔ ہم کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرتے لیکن ن لیگ والوں نے نوازشریف کی بیماری پر بھرپور سیاست کی ہے۔ میرے قائد کا خواب ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان جہاں غریب اور امیر کے لئے یکساں سلوک ہو۔ اس خواب کو پاکستان تحریک انصاف تعبیر دے گی۔

ہم نے اچھی سوچ اور نیک نیتی کے ساتھ اس سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ منزل بھی جلد پا لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرنے کہا کہ مولانا کے کنٹینر پر وہ لوگ چڑھے جنہوں نے 40سال تک غریب عوام کا خون نچوڑا۔ ان کی جائیدادیں اور اولادیں باہر ہیں۔ ان کا علاج بھی باہر ہوتا ہے۔ یہ صرف پاکستان میں حکمرانی کرنے آتے ہیں۔ میرے قائد عمران خان نے عالمی معیار کا ہسپتال بنایا اور جب وہ سٹیج سے گرے تو اپنا علاج بھی پاکستان میں ہی کرایا۔

عمران خان عوام کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے اور عوام کے درد اور دکھ کو بھی سمجھتا ہے۔ صوبائی وزیر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت نہیں ہونے دوں گا۔ دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ غریب کے حقوق کے تحفظ کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور کسی کو غریب کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں کو 28کروڑ روپے کے جرمانے ہو چکے ہیں اگر یہ اب بھی باز نہ آئے تو ان کے خلاف ایکشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں