حمزہ شہباز سے پیپلزپارٹی کے سید حسن مرتضی کی ملاقات

خود این آر او لینے والا کسی دوسرے کو کیسے این آر او دے سکتا ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی: قائد حزب اختلاف

منگل 19 نومبر 2019 23:08

حمزہ شہباز سے پیپلزپارٹی کے سید حسن مرتضی کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزباختلاف حمزہ شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے پنجاب اسمبلی میں ان کے چیمبر میں ملاقات کر کے نواز شریف کی صحت اور موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پرملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ خود این آر او لینے والا کسی دوسرے کو کیسے این آر او دے سکتا ہے، ملکی معیشت سلیکٹڈ حکمرانوں سے ٹھیک نہیں ہو رہی ، کل تک نواز شریف کے شروع کئے گئے جن میگا منصوبوںپر تنقید کرتے تھے آج ان پر اپنا نام لکھا رہے ہیں ، آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کرنے کیلئے عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے ، جعلی حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے تمام اداروں میں ڈاؤن سائزنگ جاری ہے اور بیروز گاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے عوام سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کو دوبارہ لانے کی باتیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی دن گنے جا چکے ہیں بہت جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔نواز شریف جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ابھی تک کنٹینر سے نیچے نہیں اترا ۔حمزہ شہباز نے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کے مطالبے پر حسن مرتضیٰ کا شکریہ ادا کیا۔پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملک ندیم کامران سمیت دیگر ممبران اسمبلی بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں