صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں، واہگہ ٹاؤن کے علاقے میں کیچپ اینڈ ساسز فیکٹری سیل

1800 کلو ملاوٹی کیچپ اور ساسز، 150 کلوسٹارچ، 8کلو کھلے رنگ اور کیمیکلز برآمد ،2ایگ سپلائرزکو نوٹسز جاری سا سز کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس، سکرین، کھلے رنگوں اور کیمیکلز کا استعمال پایا گیا‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان

بدھ 20 نومبر 2019 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموںنے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کیچپ اینڈ ساسز فیکٹری کو سیل کردیا۔ چیکنگ کے دوران2ایگ ڈیلرز کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے اور بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء برآمد کر لیں ۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے لاہور کے علاقے واہگہ ٹائون میں کارروائی کے دوران غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ سے معروف برانڈز کی جعلی کیچپ اور ساس تیارکرنیوالی امامی فیکٹری کو سیل کر دیا۔

چیکنگ کے دوران ایک ہزار 800 کلو ملاوٹی کیچپ، ساسز، 150 کلوسٹارچ، 8کلو کھلے رنگ اور کیمیکلز برآمد کر لیے گئے۔مزید برآں شالیمار ٹائون میں انٹرنیشنل ایگ ٹریڈرز اور بلال سوپرایگ ٹریڈرز کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سا سز کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس، سکرین ، کھلے رنگوں اور کیمیکلز کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

اسی طرح تیارشدہ پروڈکٹس پر غلط ایڈریس اور جعلی لیبل لگا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہناتھا کہ صفائی کے ناقص انتظامات اورجعلی ملاوٹ شدہ ساسز کو ممنوعہ نیلے ڈرموں میں بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا۔اس حوالے سے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں،انہیں جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔پنجاب میں کاروبار صرف اور صرف حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں