دو خاندان ملک پر چالیس سال تک مسلط رہے،قومی وسائل کی ایسی لوٹ مار کی کہ کرپشن بھی اس پر شرمندہ ہے، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

جمعرات 5 دسمبر 2019 19:12

دو خاندان ملک پر چالیس سال تک مسلط رہے،قومی وسائل کی ایسی لوٹ مار کی کہ کرپشن بھی اس پر شرمندہ ہے، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال
لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ دو خاندان اس ملک پر چالیس سال تک مسلط رہے،قومی وسائل کی ایسی لوٹ مار کی کہ کرپشن بھی اس پر شرمندہ ہے، مہنگائی،بے روزگاری،غربت،امیر اور غریب کے درمیان خلیج اور دیگر مسائل اسی کرپٹ مافیا کے پیدا کردہ ہیں،لندن میں بیٹھ کر ایمانداری کی بڑھکیں مارنے والے نام نہاد خادم اعلی ملک میں آ کر اپنی لوٹ مار کا حساب دیں،عوام جانتے ہیں کہ آپ کے ذاتی تشہیر کے نمائشی منصوبوں نے صوبے کو 12 سوارب روپے کے قرضوں میں ڈبویا،دو نہیں ایک پاکستان وزیراعظم عمران خان کا عزم اور ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، نیا پاکستان کی منزل قریب ہے جہاں امیر اور غریب کے درمیان خلیج ختم ہو گی اور سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں گے،صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز ٹی ایم اے آفس سمن آباد میں کھلی کچہری کے دوران میڈیا کے نمائندوں اور سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،متعلقہ محکموں کے افسران بھی کھلی کچہری میں موجود تھے، صوبائی وزیر نے بعض افسران کی عدم حاضری پر سخت ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ افسران اپنا رویہ درست کرلیں،عوام کی خدمت نہ کرنے والے افسران کو عہدوں پررہنے کا کوئی حق نہیں، اگر افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں تو لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ہمارے پاس نہ آنا پڑے،سروس ڈیلیوری کو بہتر کئے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہو سکتے،انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد عوام کے جائز مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی ایک کاوش ہے، عوام کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے اور عوام کے جائز کام کسی صورت رکنے نہیں دیں گے،صوبائی وزیر نے مسلسل تین گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے اور بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجود افسران کو احکامات جاری کئے،صوبائی وزیر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی طے کر لے گی،خبر یہ بھی ہے کہ اپوزیشن اس معاملے کو لے کر عدالت جانا چاہتی ہے، یہ ان کا حق ہے تا ہم بہتر ہے کہ یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی ہی حل کرے،انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں اورقیمتوں میں استحکام آیا ہے، آنے والے دنوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید کم ہوں گی،پرائس کنٹرول اتھارٹی بنائی جارہی ہے جس کا بل جلداسمبلی میں پیش کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قرضوں سے اپنی جبییں بھریں،ن لیگ کی حکومت نے اعلی معیار کے ہسپتال بنانے کے بڑے بڑے دعوے کئے لیکن انہیں کوئی ایسا ہسپتال نہیں ملا جہاں نواز شریف کا علاج ہو سکتا، زرداری نیب کے ملزم ہیں اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں ڈاکٹروں کا بورڈ ہی فیصلہ کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں