شہباز شریف کو پہلے واپس آنے میں 5 سال لگے، اب شاید 15 سال لگیں

ہم نے حکومت لی ہے لیکن ابھی نظام نہیں بدل سکے ،جدوجہد جاری ہے، پہلے نواز پھر شہباز اور اب مریم نواز مائنس ہونے جا رہی ہیں، مزید 10 سیاستدانوں کے میڈیکل چیک اپ ہونے جا رہے ہیں، آرمی چیف کے حوالے سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے تو پھر حکومت اس کا فیصلہ کرے گی ،ملک میں ایک ہی لیڈر عمران خان ہیں: فواد چوہدری

ہفتہ 7 دسمبر 2019 18:22

شہباز شریف کو پہلے واپس آنے میں 5 سال لگے، اب شاید 15 سال لگیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جدوجہد نظام بدلنے کیلئے ہے، ہم نے حکومت لی ہے لیکن ابھی نظام نہیں بدل سکے لیکن اس کیلئے جدوجہد جاری ہیں، پہلے نواز پھر شہباز اور اب مریم نواز مائنس ہونے جا رہی ہے، مائنس ون کرتے کرتے اپوزیشن خود مائنس ہوتی جا رہی ہے،اب اپوزیشن کو اپنی قیادت تلاش کرنا پڑ رہی ہے اور سب لندن میں جمع ہو رہے ہیں، آرمی چیف کے حوالے سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے تو پھر حکومت اس پر فیصلہ کرے گی، پاکستان میں تاثر ہے کہ ادارے ایک دوسرے کے اختیارات لینے کی کوشش کرتے ہیں ۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی کوئی پلان نہیں ہے اور وہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، اپوزیشن کے گلے شکوے اپنی جگہ لیکن آپ کو گزارہ عمران خان سے ہی کرنا پڑے گا اور وہ چاہے کسی کو پسند ہو یا نہ ہوں، ان کا قد سب سے بلند ہے، اس وقت ملک میں ایک ہی لیڈر عمران خان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو کر بات کرنی چاہیے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں بڑے سقم ہیں ، عدالت پارلیمان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی کہ ایسا قانون بنائیں، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے تو پھر حکومت اس پر فیصلہ کرے گی، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں ،پارلیمان کیسے سپریم ہو سکتی ہے اگر پبلک اکائونٹس کمیٹی میں کچھ اداروں کے بجٹ زیر بحث نہ آ سکیں، پاکستان میں تاثر ہے کہ ادارے ایک دوسرے کے اختیارات لینے کی کوشش کرتے ہیں، یہاں سیاستدانوں پر بحث ہو سکتی ہے لیکن کچھ اداروں پر نہیں ہو سکتی ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں وزرائے اعلی کا احتساب کوئی نہیں ہے ، پنجاب میں 908 ارب روپے خرچہ ہوئے ، بلوچستان میں 3 ٹریلین روپے خرچ ہوئے لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی، سندھ میں مراد علی شاہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے، وہاں کے حکمران خود عوام کی مشکلات کا خیال کریں۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ مزید 10 سیاستدانوں کے میڈیکل چیک اپ ہونے جا رہے ہیں، شہباز شریف باہر چلے گئے ہیں اور آصف زرداری کا کیس بھی اس جیسا ہے، سیاست کمزور دل لوگوں کا کام نہیں، شہباز شریف کو پہلے واپس آنے میں 5 سال لگے، اب کی بار شاید 15 سال لگیں۔

انہوںنے کہا کہ خیبر پختوانخواہ حکومت کو پی آر ٹی منصوبے کی شفاف تحقیقات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ، پنجاب حکومت ہمیں کوئی پیسہ نہیں دے رہی اور سارے فنڈز جنوبی پنجاب میں لگائے جا رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد نظام بدلنے کیلئے ہے، پہلے نواز پھر شہباز اور اب مریم مائنس ہونے جا رہی ہے، مائنس ون کرتے کرتے اپوزیشن خود مائنس ہوتی جا رہی ہے۔

اس سے قبل فواد چوہدری نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کو دبنگ جواب دیتے ہوئے کہا اپنی معلومات بہتر کرلیں پاکستان جنوبی ایشیا ء میں فائبرآپٹک متعارف کروانے والا پہلا ملک ہے، موبائل فون بھی سب سے پہلے جنوبی ایشیا ء میں پاکستان نے متعارف کرائے، بھارت تو منموہن سنگھ کا شکریہ ادا کرے ورنہ بھارت کے پاس صرف گائے ٹیکنالوجی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں