مریم نوازکی درخواست منظور‘جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ 9دسمبر کو سماعت کرئے گا

نون لیگی نائب صدر نے ای سی ایل سے نام ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 19:27

مریم نوازکی درخواست منظور‘جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ 9دسمبر کو سماعت کرئے گا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر ۔2019ء) مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے. لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے امجد پرویز ملک ایڈوکیٹ کے توسط سے پٹیشن دائر کی ہے‘مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن کے مطابق انہوں نے وفاق، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سیل کو فریق بنایا ہے ان کے علاوہ مریم نواز نے درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کو بھی فریق بنایا ہے.

(جاری ہے)

مریم نواز نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ والد ( نواز شریف) کی صحت تشویشناک ہے، میرا ان کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے، انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے پر سخت ذہنی دباﺅ میں ہوں‘درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور انہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دئیے جائیں.

علاوہ ازیں مریم نواز نے پٹیشن میں 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان 6 ہفتوں کا وقت بیرون ملک روانگی کے دن سے شروع کیا جائے‘درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے لیے ایک بار کی اجازت دی جائے اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع پاسپورٹ بھی واپس دیا جائے. ان کا کہنا ہے کہ موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کامیمورنڈرم غیر قانونی اور اعلی عدلیہ کے فیصلوں کےخلاف ہے‘مریم نواز نے مزید کہا عدالتوں میں ڈیڑھ سال تک مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام ای سی ایل اسکیم سے متضاد ہے، نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباﺅ کا شکار ہوں، 20اگست 2018 کاحکم غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دےکرکالعدم کیا جائے.

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ 9 دسمبر کو سماعت کریں گے‘یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو پاسپورٹ کے ساتھ بطور ضمانت7 کروڑ جمع کرانے کا حکم دیا تھا. بعد ازاں عدالتی حکم پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی تھی. خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے مریم نواز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی رعایت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں