دوبارہ الیکشن کیلئے ان ہاؤس تبدیلی پہلا مرحلہ ہے، خواجہ آصف

اجلاس میں پارلیمانی امورزیربحث آئے، اہم مسئلہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا ہے، شہبازشریف سے اہم ایشوزپرمشاورت ہوئی، ملک واپس جاکر حکمت عملی طے کریں گے۔ سینئر ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کی لندن میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 7 دسمبر 2019 19:47

دوبارہ الیکشن کیلئے ان ہاؤس تبدیلی پہلا مرحلہ ہے، خواجہ آصف
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دوبارہ الیکشن کیلئے ان ہاؤس تبدیلی پہلا مرحلہ ہے، اجلاس میں پارلیمانی امور زیربحث آئے، اہم مسئلہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا ہے، شہبازشریف سے اہم ایشوز پر مشاورت ہوئی ، ملک واپس جا کر حکمت عملی طے کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف کی زیرصدارت لندن میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں خواجہ آصف ، پرویز رشید، احسن اقبال، ایاز صادق ، رانا تنویر، امیرمقام، خرم دستگیر،مریم اورنگزیب اور اسحاق ڈار سمیت دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی اورمعاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اجلاس میں پارلیمانی امور زیربحث آئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ چند ہفتوں سے جو ایشوز چل رہے ہیں ان پر شہبازشریف سے رہنمائی لی ہے۔

اہم مسئلہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا ہے۔ شہبازشریف سے تمام معاملات پر مشاورت ہوئی ہے ملک واپس جاکر حکمت عملی طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ الیکشن ہونے ہیں تونئے الیکشن کیلئے پہلا مرحلہ ان ہاؤس تبدیلی ہے۔ ن لیگ کا مئوقف ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی آئے۔ اجلاس میں برطانیہ سے رقم منتقلی سے متعلق گفتگو نہیں ہوئی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ فی الحال آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

مزید براں ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ ملک واپسی کی تاریخ نہیں بتا سکتا، ڈاکٹرز چھٹیوں پر ہیں۔ ڈاکٹرزسے علاج کے سلسلے میں ملاقات کرنی ہے۔ کرسمس کے بعد ڈاکٹرز سے علاج کیلئے اپوائنٹمنٹ طے ہے۔ ڈاکٹرز نے کہا تو نوازشریف کو علاج معالجے کے لیے لندن لے جایا جائے گا۔ اجلاس کے بعد ن لیگی رہنماؤں نے پارک لین فلیٹس میں قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کی، جس میں لیگی رہنماؤں نے نوازشریف کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں