میاں جاوید لطیف کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کردی گئیں

جاوید لطیف نے اپنے اہلخانہ کے نام اربوں روپے کی جائیداد بنائی، حبیب کالونی شیخوپورہ میں انکا 12 مرلے کا گھر ڈیڑھ ایکڑ تک بڑھ گیا، میاں جاوید لطیف کے سیاست میں آنے بعد اثاثوں میں اضافہ ہوا: نیب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 8 دسمبر 2019 15:10

میاں جاوید لطیف کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کردی گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر2019ء) میاں جاوید لطیف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔ نیب کے مطابق میاں جاوید لطیف نے اپنے اہلخانہ کے نام اربوں روپے کی جائیداد بنائی، حبیب کالونی شیخوپورہ میں انکا 12 مرلے کا گھر ڈیڑھ ایکڑ تک بڑھ گیا، میاں جاوید لطیف کے سیاست میں آنے بعد اثاثوں میں اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف شکایت موصول ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ نیب نے تحقیقات کے لیے آٹھ مشترکہ رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے منگل کو نیب نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں چھ کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں شہباز شریف کے خلاف کرپشن کیس کی انکوائری کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ شہباز شریف کے علاوہ سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے، ساتھ ہی پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجا کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ میاں جاوید لطیف کے درجنوں اثاثے ان کے اہل خانہ کے نام پر ہیں جن کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میاں جاوید لطیف کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں جایود لطیف نے مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا جبکہ سیاست میں آنے سے پہلے ان کے پاس اتنی دولت نہیں تھی لیکن اب ان کے پاس اربوں روپے کے اثاثہجات ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں