قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے نظریہ پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے‘ذکر اللہ مجاہد

اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے الیکٹرونک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کی جدوجہد میں پوری قوم کو شریک کریں گے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 8 دسمبر 2019 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے نظریہ پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔بانیانِ پاکستان قائد و اقبال نے تو اپنی بے لوث‘ بے پایاں اور اتحادِ ملّی کے جذبے سے معمور جدوجہد کے نتیجہ میں اسلامیانِ برصغیر کیلئے ایک الگ ارضِ وطن کا خواب حقیقت بنا دیا مگر بدقسمتی سے انکی جانشینی کے دعویدار حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، مرکزی سوشل میڈیا ذمہ دار شمس الدین امجد ، سیکرٹری اطلاعت جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عمر شہباز، آئی ٹی انچارج جماعت اسلامی لاہور محمد وقاص ظفر، محمد عاطف سمیت تمام لاہور کے زونز اور وارڈز کی سطح پر بننے والے میڈیا ذمہ داران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ملک میں مفاد پرستی اور ذاتیات کی سیاست نے پاکستان کو تباہی اور بربادی کا شکار کردیا ہے۔ مخلص، دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ہی ملک و قوم کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ 72 سال سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور حکمرانوں کا کیا دھرا قوم کے سامنے ہے۔ بے تحاشہ مہنگائی، غربت اور مسائل کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر جماعت اسلامی مخلص اور باصلاحیت نوجوانوں کو اس جدوجہد میں آگے بڑھائے گی۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے الیکٹرونک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کی جدوجہد میں پوری قوم کو شریک کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ملک کے حالات تبدیل کریں گے۔ قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ ا نہوں نے ملک کی تمام کی تمام نام نہاد پارٹیوں کو آزما لیا ہے اوراب اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے جما عت اسلامی کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں