پی ٹی آئی میں 3 امیدوار وزیراعظم کی شیروانی لیے بیٹھے ہیں،احسن اقبال

وہ چاہتے ہیں اگراپوزیشن اوراتحادی جماعتیں اعتماد کریں تو وہ سامنے آنے کو تیار ہیں، ان امیدواروں نے ہمیں اپروچ نہ کیا ہوتا توہمیں پی ٹی آئی میں دراڑوں کا پتا نہ چلتا۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 8 دسمبر 2019 21:29

پی ٹی آئی میں 3 امیدوار وزیراعظم کی شیروانی لیے بیٹھے ہیں،احسن اقبال
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 دسمبر 2019ء) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں 3 امیدواروزیراعظم کی شیروانی لیے بیٹھے ہیں،وہ چاہتے ہیں اگر اپوزیشن اوراتحادی جماعتیں اعتماد کریں تو وہ سامنے آنے کو تیار ہیں، ان امیدواروں نے ہمیں اپروچ نہ کیا ہوتا توہمیں پی ٹی آئی میں دراڑوں کاپتا نہ چلتا۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کے خوش قسمت یا بدقسمت وزیراعظم ہیں جن کو دوسروں کیلئے اپنی زبان سے نکالا ہواایک ایک لفظ خود سننا پڑ رہا ہے۔

آج مائنس و ن کی بات ان کا اپنا مکافات عمل ہے۔لیکن ہمارا یہ کوئی مطالبہ نہیں ہے کہ ہم عمران خان کو ان کی ذات کی وجہ سے نکالنا چاہتے ہیں۔خان صاحب تو اپنی سیاست کی وجہ سے خود پی ٹی آئی کو نیچے لے کرجارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ وزیراعظم رہیں توہمیں بڑا سوٹ کرتا ہے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ صرف پی ٹی آئی نیچے نہیں جارہی، بلکہ پاکستان پیچھے جارہا ہے، انتشار کا شکار ہورہا ہے۔

سیاسی جماعتیں اورحکومت کے اتحادی خود کہہ چکے ہیں کہ اگر وزیراعظم 6ماہ اور رہ گئے تو پاکستان کی معیشت ناقابل اصلاح ہوجائے گی،اتنے زیادہ چیلنجز ہوجائیں گے کہ کوئی حکومت لینے کیلئے تیار نہیں ہوگا۔انہوں نے نئے انتخابات کے مطالبے کی دوصورتیں ہیں کہ عمران خان نئے انتخابات کیلئے اسمبلی تحلیل کریں،اور انتخابات کی راہ ہموار کریں ۔ لیکن اگر عمران خان اس کے راستے میں رکاوٹ ہوں گے تو 2، 3 ماہ کیلئے نیا وزیراعظم لایا جائے جو اقتصادی اور انتخابی اصلاحات کرسکے۔

اس کے بعد ہم نئے انتخابات کی طرف چلے جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم آئے گا وہ دوتین مہینے کیلئے عبوری وزیراعظم ہوگا،اس میں کوئی بھی سیاسی جماعت اپنا مستقل وزیراعظم دینے کی حامی نہیں ہوگی۔اس لیے دوتین ماہ کیلئے مفاہمت کے ساتھ قومی حکومت بنے اور اتفاق رائے سے قانون سازی کی جائے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے اتحادیوں کا جائزہ لیں تو وہ بہت پریشان ہیں کہ ان سے جو وعدے کیے گئے،وہ پورے نہیں کیے گئے، اسی طرح ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال میں بڑی بے چینی ہے۔

احسن اقبا ل نے کہا کہ جہاں تک میری اطلاع ہے توپی ٹی آئی میں وزیراعظم کے تین امیدوار ہیں، جو شیروانی تیار کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔وہ چاہتے ہیں اگر اپوزیشن اوراتحادی جماعتیں ان پر اعتماد کریں تو وہ وزیراعظم کی دوڑ میں سامنے آنے کو تیار ہیں۔اگر ان امیدواروں نے ہمیں اپروچ نہ کیا ہوتا توہمیں کیسے پتا چلتا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں دراڑیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں