اورنج لائن منصوبے کی محافظ 22کروڑ عوام ہے

چین کی ترقی پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہی: فیاض الحسن چوہان

منگل 10 دسمبر 2019 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2019ء) صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں کے لیے چین کی معاشی ترقی سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ اورنج لائن منصوبے کی اصل محافظ سکیورٹی ادارے یا حکومت نہیں بلکہ عوام ہے۔ سی پیک کے تحت جاری تمام منصوبے کسی ایک حکومت یا خاندان کی ملکیت نہیں بلکہ حکومت پاکستان کے چائنہ کے ساتھ تعلقات کے آئینہ دار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی ٹیسٹ ڈرائیو کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے علی ٹاؤن میں واقع اورنج لائن ٹرین کے سٹیبلنگ یارڈ میں کیا گیا تھا جس میں وزیرِ ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی، وزیرِ توانائی سمیت دیگر صوبائی وزراء، مشیران، حکومتی افسران اور چینی انجینئرز کی ٹیم شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے جس کا آغاز پرویز مشرف دور میں کیا گیا تھا اور آج بزدار حکومت نے اس منصوبے کو حتمی شکل دی ہے۔ انہوں نے تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سالانہ 25 ارب روپے لاگت آئیگی اور پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب سبسڈی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کھلے دل کے ساتھ گزشتہ حکومت کے تمام منصوبے مکمل کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دعا ہے الله تعالیٰ پاکستان کو وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کرنے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ''نرم دمِ گفتگو گرم دم جستجو'' قیادت میں 1200 ارب کے مقروض صوبہ پنجاب کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی توفیق دے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں