بزدار حکومت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کیجانب سے یوم سیاہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے، فیاض الحسن چوہان

منگل 10 دسمبر 2019 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر چار ماہ سے مودی سرکار کے ہاتھوں محبوس کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدار حکومت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کیجانب سے یوم سیاہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیری عوام پر ظلم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں اور گزشتہ 4 ماہ سے بھارتی ہٹلر نریندر مودی نے نہتے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بھارت استحصالی ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی آواز نہیں دبا سکتا۔ عالمی برادری کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے غیر سنجیدہ رویہ اپنائے جانے پر انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی کشمیر ایشو پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں